شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی قائم مقام صدر چوہدری خالق عزیز مت ورک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی جلد قصہ پارینہ بننے والی ہے عمران خان کی اداروں کو دبائو میں لانے کی کوششیں انکے پائوں اکھڑنے کا پتہ دے رہی ہیں یہ جان چکے ہیں کہ مستقبل کی سیاست میں انکا کوئی کردار نہیں ہوگا کیونکہ فارن فنڈنگ کیس میں سزا انہیں مل کر رہے گی اور عمران نے جو بویا ہے اب کاٹیں گے، اپنے ایک بیان میں چوہدری خالق عزیز مت ورک نے کہا کہ عمران نیازی اور ان کے حواریوں کی جانب سے اداروں کو دبائو میں لانے کی سر توڑ کوششیں کی جارہی ہیں مگر انکی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی ادارے اور موجودہ حکومت اپنی ذمہ داریاں بااحسن انجام دے رہی ہے، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے سیاست کے نام پر لوٹ مار کا بازار گرم کئے رکھا اور فارن فنڈنگ کے ممنوعہ ذرائع اپنا کر آئین و قانون کی دھجیاں اڑائیں جس کا حساب دینا پڑے گا، انہوں نے کہا کہ عمران خان نے قوم سے دھوکا کیا اور سچ کو چھپانے کی ہر کوشش کی قومی سیاسی قیادت پر کیچڑ اچھالا، اداروں کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی اور کرپشن کو فروغ دیکر ملک کی جڑیں کھوکھلی کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی انہوں نے جو بویا اب وہی کاٹیں گے۔