نارووال +ظفر وال (نامہ نگار+این این آئی)نالہ ڈیک میں سکروڑ کے مقام پر اینٹی ٹینک مائن پھٹنے سے 4بچے جاں بحق اور دو بہن بھائی شدید زخمی ہو گئے۔بتایا گیا ہے کہ تحصیل ظفروال کے گائوں سکروڑ کے مقام پر نالہ ڈیک میں کچھ بچے مچھلیاں پکڑ رہے تھے اور ساتھ نالہ ڈیک میں نہا رہے تھے کہ اسی دوران کسی بچے کا پائوں حالیہ سیلاب کے دوران مبینہ طور پر بھارت سے نالہ ڈیک میں بہہ کر آ نے والی اینٹی ٹینک مائنز پر آ گیا جس سے وہ زور دار دھماکہ سے پھٹ گئی۔اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 نے منگوال ،ظفروال اور ناروال سے ایمبولینسز کو فوری جائے حادثہ کی جانب روانہ کیا جبکہ پولیس اور حساس ادارے بھی موقع پر پہنچ گئے ۔ ریسکیو 1122 کے جوانوں نے 2 شدید زخمی بچوں کو آر ایچ سی ظفروال منتقل کیا جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال نارووال ریفر کر دیا گیا ہے۔زخمیوں میں اظہر 15 سال،ایمان فاطمہ عمر 09 سال شامل ہیں جبکہ 4جاں بحق ہونے والوں میں فیض ‘عمر 18 سال،کالو عمر 10 سال،نواز عمر 12 سال اور مصطفی عمر 15 سال شامل ہیں ۔ متاثرین میں ایک ہی گھر سے بہن، بھائی زخمی اور ایک بھائی جاں بحق ہوا ۔ حادثہ کی اطلاع ملتے بچوں کے گھروں میں کہرام مچ گیا اور صف ماتم بچھ گئی اور ہر آنکھ اشکبار تھی ، واقعے کے بعد علاقہ بھر میں فضا سوگوار ہو گئی۔مقامی انتظامیہ اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی ہے ۔ حساس اداروں اور سول ڈیفنس کی ٹیم نے نالہ ڈیک نزد موضع سکروڑ کا معائنہ کیا جہاں پر اینٹی ٹینک مائن کا دھماکہ ہوا ۔بم ڈسپوزل سکواڈ کی جانب سے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے ۔
مائنز