ممنوعہ فنڈڈ عمران کی خاتون مجسٹریٹ کو دھمکیاں انارکی تشدد کی ترغیب ہے۔ وفاقی وزرا

Aug 22, 2022

اسلام آباد+نارووال( نوائے وقت رپورٹ+نامہ نگار) وفاقی وزراء خواجہ سعد رفیق، خواجہ آصف اور احسن اقبال نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ فارن فنڈڈ عمران نیازی کی خاتون مجسٹریٹ کو دھمکیاں انارکی اور تشدد کی ترغیب ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے لکھا کہ بد زبان، بے لگام فارن فنڈڈ عمران نیازی کی خاتون سیشن جج کو مجمع عام میں دھمکیاں انارکی اور تشدد کی ترغیب ہیں، یہ ملک کے ہر ادارے کو تابع فرمان بنانا چاہتے ہیں۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے مزید لکھا کہ عمران خود کو ہر احتساب اور قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں، جج کو کھلی دھمکیوں پر عدالتی ایکشن لازمی ہے۔ وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ تاریخ کے حادثات اور قوم کی بد قسمتی چھوٹے انسان کو جب بڑے مرتبے یا عہدہ پہ فائز کر دے تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ شخص بڑا ہو جاتا ہے، اس طرح کے شخص کی اوقات بہت کم بدلتی ہے، یہ شخص وزیراعظم رہا ہے، اپنے محسنوں سے لیکر سرکاری افسروں اور خواتین کو گالیاں اور دھمکیاں دیتا ہے۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی اداروں کے خلاف ہتھکنڈے کامیاب نہیں ہونے د یں گے، انارکی پھیلانے والوں کو شکست سے دوچار کریں گے۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ سپریم کورٹ کا فرض ملک میں قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانا ہے، ریاستی اداروں اور اہلکاروں کے خلاف عمران نیازی کے ہتھکنڈوں سے بدسلوکی، غنڈہ گردی اور پھر لالچ دینے والے ان کے مذموم عزائم کو پورا نہیں ہونے دیں گے، انشاء  اللہ، معاشی بحالی میں خلل ڈالنے کے لیے غیر ملکی فنڈڈ انارکی کو شکست دی جائے گی۔
وفاقی وزراء

مزیدخبریں