نیشنل کانفرنس کی مقبوضہ جموں وکشمیرمیں خانقاہوں کے عطیات جمع کرنے پر پابندی کی مخالفت

سرینگر(اے پی پی)بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے رہنما علی محمد ساگر نے کہا ہے کہ وقف بورڈ کی طرف سے خانقاہوں کے نگرانوں کو عطیات جمع کرنے سے روکنے کے فیصلے سے کشمیری عوام کے جذبات مجروح ہوئے ہیں ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق علی محمد ساگر نے سرینگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکام کو ایسا ماحول پیدا نہیں کرنا چاہیے جس کی وجہ سے علاقے کے لوگ فرقوں میں بٹ جائیں۔
،مسلمانوں کو بدنام کیا جا رہا ہے ، حکام کو لوگوں کے مذہبی جذبات کا احترام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب کے اپنے ادارے ہیں جو اپنے مذہبی مقامات کے معاملات چلاتے ہیں، درگاہوںپر چندہ جمع کرنے وا لے قابل احترام لوگ ہیں جبکہ حکام ان کی توہین کرنا چاہتے ہیں۔این سی رہنما نے درگاہوں کے نگرانوں کو ہٹانے کے وقف بورڈ کے فیصلے پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔دریں اثنا پی ڈی پی رہنما عارف لائیگرو نے ایک بیان میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلمانوں کی خانقاہوں پر عطیات جمع کرنے کی روایت پر پابندی لگانے کے وقف بورڈ کے فیصلے کی مذمت کی۔ انہوں نے قابض انتظامیہ پر زوردیاکہ وہ مسلمانوں کے تشخص کو خراب اور ان کے جذبات کو مجروح نہ کرے۔
نیشنل کانفرنس مخالفت

ای پیپر دی نیشن