کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ ) بلوچستان کی نگران کابینہ نے حلف اٹھا لیا۔حلف برداری کی تقریب گورنر ہاو¿س میں منقعد ہوئی، گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے 5 وزرا سے حلف لیا۔ حلف اٹھانے والوں میں جان اچکزئی، امجد رشید، ڈاکٹر قادر، کیپٹن ریٹائرڈ زبیر جمالی اور پرنس احمد شامل ہیں۔تقریب حلف برداری میں نگران وزیراعلیٰ علی مردان خان ڈومکی، سیکرٹریز کے علاوہ مختلف مکاتب فکر کے افراد نے شرکت کی۔ حلف برداری کی تقریب کے بعد علی مردان ڈومکی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا نگران کابینہ میں 14 وزرا اور باقی ایڈوائرز ہوں گے، جلد ہی دوسرے مرحلے میں مزید نگران وزرا حلف اٹھائیں گے۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہا امن وامان کی بہتری کے لئے اقدامات کررہے ہیں، ناراض لوگوں سے آئین کے دائرہ میں بات کرنے کوتیارہیں، جو پہاڑوں سے اترے گا اسے ویلکم کہیں گے، نگران حکومت کاکام صاف وشفاف الیکشن کرانا ہے۔نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے نگران کابینہ کو محکمے تفویض کر دیئے۔ کیپٹن (ر) زبیر جمالی کو داخلہ‘ قبائلی امور‘ جیل خانہ جات‘ پی ڈی ایم اے امجد رشید کو خزانہ اور ریونیو‘ جان اچکزئی کو محکمہ اطلاعات‘ ڈاکٹر قادر بخش بلوچ کو محکمہ تعلیم اور سیاحت ‘ پرنس احمد علی احمد زئی کو صنعت‘ کامرس‘ توانائی اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشنز کا قلمدان تفویض کیا گیا ہے۔
بلوچستان کابینہ