اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمیشن آف پا کستان نے عام انتخابات کی تیاریوں کو بروقت نمٹانے کیلئے نگران کمیٹی قائم کر دی ہے۔ دوسری طرف نئی حلقہ بندیوں کا کام گز شتہ روز (پیر) سے باضابطہ شروع کر دیا ہے۔ ملک بھر میں نئی حلقہ بندیوں کےلئے کمیٹیوں کی تشکیل کے کام کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق اس مقصد کیلئے ملک کے تمام انتظامی یونٹس کی حدود کو منجمد کردیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے اہم اجلاس میں حکام نے حلقہ بندیوں کےلئے کمیٹیوں کی منظوری دے دی ہے۔ چاروں صوبوں اور اسلام آباد میں حلقہ بندیوں کےلیے کمیٹیاں بنائی گئی ہیں۔ نئی حلقہ بندیوں کیلئے انتظامات 22 سے 31 اگست تک مکمل کئے جائیں گے۔ کمیٹیوں کیلئے ٹریننگ یکم سے 4 ستمبر تک ہوگی۔ ان کمیٹیوں کے ساتھ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کے ضلعی کوٹے کی تفصیلات 5 سے 7 ستمبر تک مہیا کی جائیں گی جبکہ ان کمیٹیوں کی جانب سے ابتدائی حلقہ بندیوں کی تکمیل 7 اکتوبر تک ہوگی۔ حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست ان کمیٹیوں کی جانب سے 9 اکتوبر کو جاری کی جائے گی جن پر اعتراضات 10 اکتوبر سے 8 نومبر تک جبکہ ان اعتراضات کو 10 نومبر سے 9 دسمبر تک نمٹایا جائے گا۔ حلقہ بندیوں کی حتمی اشاعت 14 دسمبر کو ہوگی۔ یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے ڈیجیٹیل مردم شماری 2023ءکے اعدادوشمار کی منظوری کے بعد ملک بھر میں نئی حلقہ بندیاں کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ قبل ازیں سیکرٹری الیکشن کمشن عمر حمید خان کے زیرصدارت الیکشن کمشن کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں سے متعلق امور زیرغور آئے۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری اور صوبائی الیکشن کمشنروں نے الیکشن کے انعقاد سے متعلق انتظامات پر بریفنگ دی۔ الیکشن کمشن نے سپیشل سیکرٹری کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کی اوور سائٹ کمیٹی تشکیل دیدی۔ کمیٹی تمام امور کی بروقت اور تسلی بخش تکمیل کو یقینی بنائے گی۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری‘ ڈی جی لائ‘ صوبائی الیکشن کمشنروں سمیت دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ سیکرٹری الیکشن کمشن نے حلقہ بندیوں پر ہونے والے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات کے معاملے پر کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اعلامیے کے مطابق صوبائی الیکشن کمشنرز اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل الیکشن اسلام آباد حلقہ بندی کیلئے ضروری نقشہ جات و دیگر ڈیٹا صوبائی حکومتوں اور محکمہ شماریات سے بروقت حصول کو یقینی بنائیں۔ الیکشن کمشن نے نگران حکومتوں کے اختیارات میں اضافہ کر دیا۔ الیکشن کمشن کی جانب سے جاری مزید ہدایات میں کہا گیا ہے کہ نگران حکومتیں انتخابات پر کسی طور اثرانداز ہونے کی کوشش نہیں کریں گی۔ نگران حکومتیں الیکشن کمشن کی آگاہی سے معاہدہ یا فیصلے کے تحت اقدامات کرسکیں گی۔ نگران حکومتیں دوطرفہ معاہدے نجکاری کمیشنز آرڈیننس کے تحت جاری معاہدوں اور منصوبوں پر فیصلے کر سکیں گی۔
الیکشن کمشن