اسلام آباد،راولپنڈی (نا مہ نگار،نمائندہ خصوصی،سٹاف رپورٹر)پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں جس کے تحت دونوں ممالک کے درمیان پروازوں میں اضافہ کے ذریعے حج و عمرہ اخراجات میں کمی لانے اور پاکستانی زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے جبکہ سعودی وزیر حج ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ کا کہنا ہے کہ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کو دیگر ہوائی اڈوں تک توسیع دینے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے، عمرہ زائرین کے ویزہ کی مدت 30 دن سے بڑھا کر 90 دن کر دی گئی ہے، عمرہ پر جانے والا ہر پاکستانی زائر تاریخی مقامات سمیت پورے سعودی عرب میں کہیں بھی جا سکے گا، پاکستان کے حج کوٹہ میں اضافہ کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔مفاہمت کی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب کے بعد پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے سعودی وزیر حج ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ اور نگراں وزیر مذہبی امور انیق احمد نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس موقع پر نگراں وزیر مذہبی امور انیق احمد نے سعودی وزیر حج اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ خادمین حرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پاکستان سے والہانہ محبت رکھتے ہیں، سعودی وزیر مذہبی امور کا حالیہ دورہ بھی اسی والہانہ محبت کا ثبوت ہے، سعودی حکومت نے ہمیشہ پاکستانی عمرہ و حج زائرین کی ہمیشہ احسن انداز میں خدمت کی ہے۔دنیا میں سب سے زیادہ پاکستانی عمرہ زائرین سعودی عرب کا دورہ کرتے ہیں جبکہ حج کے حوالے سے پاکستانی زائرین کی تعداد دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے۔ روڈ ٹو مکہ سہولت سعودی حکومت نے پاکستانی حجاج کو دی ہے جس کے تحت پاکستانی حجاج کی امیگریشن پاکستان میں ہی ہو جاتی ہے۔ سعودی وزیر حج ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے وزیر مذہبی امور انیق احمد کا خیرسگالی کے جذبات کے اظہار پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس دورہ کے دوران ان کی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی ہوئی ہے۔ ان ملاقاتوں میں ہم نے خادمین حرمین الشریفین کا نیک خواہشات پر مبنی پیغام پہنچایا ہے اور ہم نے یقین دلایا ہے کہ سعودی حکومت حج اور عمرہ زائرین کیلئے ہر ممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گی۔پاکستان اورسعودی عرب نے فضائی خدمات کے معاہدے (ASA) پر دستخط کر دیئے،پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ڈائریکٹر جنرل خاقان مرتضیٰ اور مملکت سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن (جی اے سی اے) کے صدر ایچ ای عبدالعزیز الدوایلج نے حکومت پاکستان اور مملکت سعودی عرب کی جانب سے معاہدے پر دستخط کیے۔ دستخط کی تقریب میں وزیراعظم کے نگراں مشیر برائے ہوا بازی فرحت حسین ملک، سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیع، نگراں وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد، پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی اور پاکستان اور سعودی عرب کے دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔دستخط شدہ فضائی خدمات کا معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان ہوا بازی کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ اور سہولت فراہم کرے گا۔ ہوا بازی کے شعبے میں تعاون سے تجارت اور اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے ملاقات کی جس میں صدر مملکت نے سعودی عرب کے ساتھ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ معیشت، سرمایہ کاری اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نےکہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ، پاکستان ۔سعودی عرب تعلقات مشترکہ عقیدے، تاریخ اور عوامی تعلقات پر مبنی ہیں۔صدر مملکت نے موجودہ اقتصادی شراکت داری مزید مضبوط بنانے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔سعودی وزیر حج و عمرہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات بہت مضبوط ہیں ، دونوں برادر ممالک کے باہمی فائدے کیلئے تعلقات مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب عازمین کو حج اور عمرہ کیلئے اچھی سہولیات فراہم کرتا رہے گا۔
سعودی وزیر حج