کراچی+اسلام آباد (سٹاف رپورٹر +نیٹ نیوز+نمائندہ خصوصی) کراچی میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری سے سابق معاون خصوصی اور سابق وزیر مملکت فہد ہارون نے ملاقات کی۔سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہم الیکشن کےلئے ہر وقت تیار ہیں۔ ہم نے عوام کی خدمت کی اور عوام ہمیں ہی منتخب کریں گے۔اس موقع پر فہد ہارون نے کہا بلاول بھٹو زرداری نے وزیر خارجہ کی حیثیت سے بہترین انداز سے فرائض انجام دیے۔ بلاول بھٹو زرداری نے مشکل وقت میں دنیا میں پاکستان کی نمائندگی کی۔سابق وزیر مملکت فہد ہارون نے کہا ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری سے سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔اسلام آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں پارٹی کے دو عہدیداران کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ بےان کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے کراچی کی یونین کاوَنسل شہباز نگر کے صدر محمد حسین البدی المعروف امجد حسین اور یونین کاوَنسل 31 عابدہ آباد کے سینئیر نائب صدر شوکت حماد کے قتل کی مذمت کی اور انہوں نے مطالبہ کیا محمد حسین البدی اور شوکت حماد کے قاتلوں کو فوری طور گرفتار کیا جائے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کراچی میں دو سیاسی کارکنوں کا قتل تشویشناک ہے۔ انہوں نے زور دیا نگران حکومت امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنائے۔ پی پی پی چیئرمین نے سوگوار خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا اور انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے سابق صوبائی وزیر برائے جامعات ،ماحولیات ،موسمیاتی تبدیلی اورزراعت اسماعیل راہو نے ملاقات کی اور مختلف محکموں میں اپنی کارکردگی کے حوالے سے آگاہ کیا۔
الیکشن کیلئے ہر وقت تیار ، لوگوں کی خدمت کی عوام ہمیں ہی منتخب کریں گے ، بلاول
Aug 22, 2023