اسلام آباد (خبرنگار خصوصی،اے پی پی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کو ٹیلیفون کیا اور انہیں نگران وزیراعلی سندھ کی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ دونوں رہنماﺅں نے انتخابات کے شفاف انعقاد میں الیکشن کمیشن کی بھرپور مدد کے عزم کا اعادہ کیا۔ نگران وزیر اطلاعات نے نگران وزیراعلی سندھ سے مقتول صحافی جان محمد مہر کے کیس کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔ نگران وزیراعلی سندھ نے نگران وفاقی وزیر اطلاعات کو بتایا کہ مقتول صحافی کیس میں پیش رفت جاری ہے۔ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے مرتضی سولنگی کو نگران وفاقی وزیر بننے پرمبارک بھی دی۔علاوہ ازیں گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ نگران وفاقی حکومت شفاف، آزادانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد میں الیکشن کمیشن اور صوبوں کو مکمل تعاون فراہم کرے گی، آئین کے مطابق اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے، کسی کے ساتھ کوئی امتیازی سلوک روا نہیں رکھیں گے۔مرتضی سولنگی نے کہا کہ شفاف انتخابات کا انعقاد ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، آئین کے تحت یہ مشترکہ ذمہ داری پوری کریں گے۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے مرتضی سولنگی کو نگران وفاقی وزیر بننے پر مبارک دی۔ مرتضی سولنگی نے کہا کہ وہ جلد کراچی کا دورہ کریں گے۔
مرتضیٰ سولنگی
گورنر، وزیراعلی سندھ کو فون ، شفاف انتخابات کیلئے الیکشن کمشن ، صوبوں کیساتھ تعاون کرینگے : مرتضی سولنگی
Aug 22, 2023