لاہور(کامرس رپورٹر )چائنا اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو مسٹر یوبونے لاہور چیمبر میں منعقدہ اجلاس کے دورہ سی پیک کے تحت گوادر کی ترقی کے حوالے سے پیش رفت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک میں تاخیر کی وجہ بنیادی طور پر پاکستان کے معاشی حالات ہیں۔ اس موقع پرلاہور چیمبر کے صدرکاشف انور،سینئر نائب صدر ظفر محمود چودھری‘ چائنا اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی کے ڈپٹی منیجر مسٹر وانگ ، لاہور چیمبر کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے گوادر کوسٹل ٹورازم کے کنوینر عاطف خان بھی موجود تھے۔ مسٹر یوبو نے کہا کہ گوادر فری زون ،گوادر بندرگاہ اور شہر کی ترقی کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے۔ چائنااوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی نے گوادر کوچھوٹے سے گائوں سے جدید شہر میں تبدیل کردیا۔ انہوں نے گوادر کی ترقی، وسیع تعمیرات، ہوائی اڈے کے بنیادی ڈھانچے اور ہیلتھ کیئرہولیات میں چین کی سرمایہ کاری کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے ایک وفد گوادر لے جانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے سی پیک میں گوادر کے اہم کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے علاقائی روابط کیلئے اسکے بھرپور استعمال کی ضرورت پر زور دیا جس سے نہ صرف چین اور پاکستان بلکہ ایران، افغانستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں کو بھی فائدہ ہوگا۔