فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے جڑانوالہ میں گرجا گھروں اورعیسیٰ نگری سمیت متاثرہ آبادیوں کا دورہ کرتے ہوئے پرتشدد واقعات کی شدید مذمت اور مسیحی بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے حکومت مستعد، سانحہ جڑانوالہ ایک سوچی سمجھی سازش، پس پردہ محرکات ضرور بے نقاب ہوں گے۔ صوبائی سطح پر بین المذاہب یگانگت کے فروغ، باہمی رواداری کی ترویج اور انتہا پسندی کے تدارک اور مستقل پالیسی کی تشکیل کے لئے خصوصی اقدام زیر عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی سطح پر مستقل بنیادوں پر انٹر فیتھ ہارمنی کونسل کو فعال کیا جائے گا۔ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کو جمعتہ المبارک کے خطبات میں بطور خاص موضوع بنایا جائے گا۔ بین المذاہب مکالمے کو فروغ دیا جائے گا۔ مساجد، مدارس میں کانفرنسز، سیمینارز اور سمپوزیئم منعقد ہوں گے۔ مذاہب کی عبادت گاہوں میں مذہبی قائدین مشترکہ دورے کریں گے۔ مذاہب کے مذہبی تہواروں کے موقع پر خیر سگالی کا اہتمام ہو گا۔ صوبائی سطح پر '' سنٹر آف ایکسیلنس برائے ریلی جیئس ہارمنی''تشکیل دیا جائے گا۔ دریں اثناء سیکرٹری اوقاف نے انتظامیہ کی طرف سے قائم کردہ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا۔ مزید برآں سیکرٹری اوقاف نے دورہ جڑانوالہ کے موقع پر دربار حضرت جھلے شاہ ؒ اور دیگر وقف پراپرٹیز کا معائنہ بھی کیا۔