لاہور(نامہ نگار)کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت ڈویژنل ایس پیز کی کارکردگی کے بارے میں اجلاس ہوا۔جس میں زیر التواء روڈ سرٹیفکیٹس، زیرِ تفتیش مقدمات اور خاموش ملزمان کے حوالے سے کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ سی سی پی او لاہورنے زیر ِ تفتیش مقدمات اورروڈ سرٹیفکیٹس پینڈنسی پرخفگی کا اظہار کیا اورکارکردگی بہتر کرنے کی ہدایت کی۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روڈ سرٹیفکیٹس پینڈینسی اور زیر ِتفتیش مقدمات جلد سے جلد نمٹائے جائے۔ فرائض میں غفلت اور عدم دلچسپی قابل قبول نہیں۔ ایس ڈی پی اوز،ایس ایچ اوز، انچارچ(انوسٹی گیشن) کی ناقص کارکردگی پر متعلقہ ایس پیز بھی جوابدہ ہیں۔ چالان مکمل،مقدمات یکسو اورروڈ سرٹیفکیٹس پینڈینسی ختم کریں۔انہوں نے ہدایت کی کہ مقدمات کو زیرِ التوا نہ رکھا جائے اور ایک ماہ سے پرانے نامزد مقدمات کو فوری نمٹایا جائے۔ انہوں نے ایس پیز کومتعلقہ ایس ایچ اوز سے باقاعدگی سے میٹنگز کرنے، چور، ڈاکو، اشتہاری، منشیات فروش گرفتار کرنیاورریکوری بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ اجلاس میں ڈی آئی جی(آپریشنز) سید علی ناصر رضوی، ڈی آئی جی (انوسٹی گیشن) عمران کشور، ایس ایس پی(ایڈمن) عاطف نذیر، ایس ایس پی(انوسٹی گیشن) انوش مسعود چوہدری اورڈویعنل ایس پیزنے شرکت کی۔دریں اثناء بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ رواں سال میں اشتہاریوں کے خلاف کارروائی عمل میں لاتے ہوئے 6436اشتہاری مجرمان جبکہ 21906عدالتی مفروروں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے سنگین وارداتوں میں ملوث گینگز کے خلاف مختلف کارروائیوں کے دوران 975 گینگز کے 2253 ممبران کو گرفتار کرکے 26 کروڑ 74لاکھ سے زائدمالیت کی رقم برآمد کی گئی ہے۔