جدہ (اے پی پی)سعودی عرب کی وزارت ماحولیات و پانی ا ورزراعت نے کنوں کی کھدائی کے لیے پرمٹ کے نئے قواعد و ضوابط جاری کر دیئے۔ سعودی نشریاتی ادارے کے مطابق وزارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بغیر پرمٹ کنواں کھودنے پر2 لاکھ ریال جرمانہ مقرر کیا گیا ہے۔ وزارت نے یہ بھی پابندی لگائی ہے کہ کنواں کھودنے والے ادارے میں آن لائن ادائیگی سسٹم ضروری ہے۔ وزارت نے کہا کہ کنوں کی کھدائی، صفائی اور انہیں گہرا کرنے کے کام کی نگرانی ماہر طبقات الارض کے ذمے ہے اس کے بغیران کاموں میں سے کوئی بھی نہیں کیا جاسکتا۔ اگر کنویں کی کھدائی سے آلودگی پیدا ہوجائے یا طبقات الارض میں کوئی خرابی واقع ہو تو ایسی صورت میں اصلاح کی ذمہ داری پرمٹ ہولڈر کی ہوگی۔ وزارت نے مقررہ قواعد و ضوابط کی 36 خلاف ورزیوں کا چارٹ بھی جاری کیا ہے۔