فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) نگران صوبائی وزیر صحت پنجاب کا ایکشن، الائیڈ ہسپتال میں غیر قانونی طور پر تعینات ڈائریکٹر ایمرجنسی کو ہٹا دیا گیا۔ ایم پی ایچ ڈی ڈگری اور بغیر کسی متعلقہ ڈپلومہ طویل عرصہ سے تعینات ڈائریکٹر ایمرجنسی ڈاکٹر افضال چیمہ کو عہد ے سے ہٹادیا گیا۔ نگران وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے مذکورہ افسر کیخلاف ایکشن لیا جس کے بعد وائس چانسلر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر ظفر اقبال چوہدری نے ڈاکٹر افضال چیمہ کو فارغ کرکے سینئر رجسٹرار سرجری ڈاکٹر سلیم اقبال کو ڈائریکٹر سرجیکل ایمرجنسی جبکہ اسسٹنٹ پروفیسر آف میڈیسن ڈاکٹر عارف کو میڈیکل ایمرجنسی کے ڈائریکٹر کا اضافی چارج سونپ دیا۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر افضال چیمہ کی تعیناتی کے دوران ہسپتال کے معاملات درہم برہم رہے۔ مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات ملیں نہ ہی انفراسٹرکچر میں بہتری آسکی۔ رجسٹریشن کائونٹر پر تعینات عملے کا اکثر غائب رہنا معمول بن گیا تھا۔ وہ معاملات ڈنگ ٹپائو پالیسی کے تحت کام چلانے اور سیاسی ملاقاتوں میں مصروف رہے۔