کراچی کے تاجروں کا بجلی کے بل ادا نہ کرنے‘ مکمل احتجاج کا اعلان

Aug 22, 2023

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کراچی کے تاجروں نے بجلی کے بلوں کی ادائیگیاں نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔ پٹرولیم مصنوعات‘ بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر کراچی کی تاجر تنظیموں کا مشترکہ اجلاس ہوا۔  کنوینئر تاجر ایسوسی ایشنز الیکشن کمشن محمد رضوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام دشمن پالیسیوں‘ ہوشربا مہنگائی کے باعث تاجر احتجاج کرنے پر مجبور ہو گئے۔ کراچی کے تاجروں کا دوسرا احتجاج بدھ 23 اگست کو ریگل چوک پر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر عوام کے ساتھ مہنگائی کے دلدل میں دھنستے جا رہے ہیں اور ادھار پر لئے گئے مال کی ادائیگیوں سے قاصر ہوگئے ہیں۔ تاجروں کی اکثریت اپنی بچت شدہ آمدنی استعمال کر رہی ہے۔ محمد رضوان کا کہنا تھا کہ تاجر نادہندہ ہو رہے ہیں اور اپنا کاروبار بند کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ ٹمبر مارکیٹ کے تاجر 23 اگست کو بجلی کے بلوں کی ادائیگی نہیں کریں گے۔ ٹمبر مارکیٹ کے بعد کراچی کی دیگر مارکیٹس بھی بجلی کے بلوں کی ادائیگیاں نہ کرنے کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نگران حکومت پروٹوکول سسٹم کو ختم کرے۔

مزیدخبریں