اسلام آباد(وقائع نگار)آل پاکستان مرکزی میلاد و سیرت کمیٹی پاکستان کا سالانہ اجلاس ممتاز مذہبی سکالر علامہ خواجہ پیر عبید احمد عبید نقشبندی مجدد ی کی زیر صدارت آستانہ عالیہ نقشبندیہ ، عبیدیہ اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں ملک بھر سے میلا کمیٹیوں سیرت کمیٹیوں چاروں صوبوں، پنجاب، سندھ، خیبر پختوانخواء ، کشمیر، گلگت بلتستان سے میلادو سیرت کمیٹیوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں آل پاکستان مرکزی میلاد سیرت کمیٹی کے انتخابات پیر سید محمد توقیر الحسن شاہ کی زیر نگرانی کروائے گئے۔ جس میں متفقہ طور پر خواجہ پیر عبید احمد نقشبندی کو چیئرمین ، کراچی سے پروفیسر محمد افسر قادری کو سیکرٹری جنرل چن لیا گیا۔ پنجاب ، سندھ ، خیبر پختوانخوائ، بلوچستان ، کشمیر اور گلگت بلتستان کے سربراہ بھی چن لیے گئے ۔ نو منتخب انتظامیہ اور مجلس شوریٰ کی تقریب حلف برداری بھی ہوئی،نومنتخب چیئرمین نے کہا کہ جشن عید میلاد النبی کو ایک تحریک بنا دیں گے، ماہ ربیع الاول میں ملک بھر میں میلاد کانفرنسز سیرت کانفرسز ، سیمینارز منعقد کیے جائیں گے۔ اس سال جشن میلاد النبی تحفظ ناموس رسالتؐ کے طور پر منایا جائیگا۔ اسلام آباد میں عالمی میلاد النبیؐ کانفرنس ، لاہور، کراچی، پشاور اور مظفر آباد ، کوئٹہ، گلگت میں قومی میلاد النبیؐ سیمینارز منعقد کروائیں گے۔ کنونشن سنٹر میں عالمی میلاد النبیؐ کانفرنس میں صدر پاکستان اور صوبوں میں گورنرز اور وزراعلیٰ کو مدعو کیا جائے گا، دس رکنی ٹاسک کمیٹی ڈاکٹر عمران قادری کی قیادت میں قائم کی گئی ہے جو فوری طور پر سیمینارز کے انتظامات کرے گی۔ میڈیا کمیٹی کے سربراہ صاحبزادہ عتیق الرحمن چشتی کو بنایا گیا ہے، سجادہ نشین، علمائ، دینی مدارس کے سربراہان کو دعوت دینے کے لیے ایک کمیٹی مولانا قیصر محمود سیالوی ، پروفیسر عبدالقیوم اعوان ، صاحبزادہ منور نقشبندی پر مشتمل قائم کی گئی ہے ۔