اسلام آباد(نامہ نگار)ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)پاکستان نے تعلیمی سال 2023-2024 کے لیے اسٹیپینڈیم ہنگریکم اسکالرشپ پروگرام کے تحت 141 طلبہ کو ہنگری بھیجنے کیلئے ایک تقریب کا انعقادکیا۔ تقریب میں ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد، اسلام آباد میں ہنگری سفارت خانے کے ناظم الامور ڈاکٹر پیٹر ڈیلی، ایچ ای سی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر شائستہ سہیل اور ڈی جی (اسکالرشپس) ایچ ای سی مسز عائشہ اکرام نے شرکت کی۔اسکالرز کا یہ گروپ اسٹیپینڈیم ہنگریکم اسکالرشپ پروگرام کا آٹھواں گروپ ہے، جس کا پاکستان میں 2015 میں آغاز کیا گیا تھا۔ اس کے قیام کے بعد سے کل 1029 پاکستانی طلبا کو ایگریکلچرل اور ویٹرنری سائنسز، آرٹس اینڈ ہیومینٹیز، بائیولوجیکل سائنسز، انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی، ہیلتھ سائنسز، فزیکل سائنسز، اور سوشل سائنسز سمیت تمام شعبوں میں بیچلرز، ماسٹرز، ون ٹائر ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کی تعلیم کے لیے مکمل طور پر فنڈڈ سکالرشپس دی جا چکی ہیں ۔ ڈاکٹر مختار احمد نے اپنے خطاب میں تعلیم کو پائیدار ترقی کی بنیاد اور علم پر مبنی معیشت کی تعمیر کے لیے ایچ ای سی کے عزم کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ علمی معیشت کا حصول ایسے اسکالرشپ پروگراموں کے مواقع پیدا کرنے سے منسلک ہے چیئرمین ایچ ای سی نے پاکستانی نوجوانوں کو ہنگری کے معیاری تعلیمی اداروں میں اعلی تعلیم اور تحقیق کا موقع فراہم کرنے اور انہیں قومی ترقی اور علمی معیشت کے ایک وسیع تر وژن میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے بااختیار بنانے میں اسٹیپینڈیم ہنگریکم اسکالرشپ پروگرام کے کردار کو سراہا۔ ڈاکٹر احمد نے امسال اسکالرشپ حاصل کرنے والوں کو مبارکباد پیش کی اور اسکالرز کو قیمتی مشورے دیئے اور ثقافتی حساسیت کی حوصلہ افزائی، ہم آہنگ دوستی کو فروغ دینے، اور بین الاقوامی اسٹیج پر اپنے وطن کے سفیر کے طور پر ان کے کردار کی یا ددہانی کرائی۔ انہوں نے اسکالرشپ پر عمل درآمد میں تعاون پر ہنگری کے سفارت خانے کا شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر پیٹر ڈیلی نے اسکالرشپ حاصل کرنے والوں کو مبارکباد پیش کی اورانہیں یقین دلایا کہ ہنگری میں ان کا قیام زندگی کا بہترین تجربہ ہو گا ۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر مسرت کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر ڈیلی نے اسکالرز سے خیر سگالی کے سفیر بننے اور اپنے تجربات کے ذریعے پاکستان اور ہنگری کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی امید یں وابستہ کیں ۔ڈاکٹر شائستہ سہیل نے اسٹیپینڈیم ہنگریکم اسکالرشپ پروگرام کو پاکستان ہنگری دوطرفہ تعاون کی علامت کے طور پر اجاگر کیا۔
ایچ ای سی کی جانب سے 141 اسکالرز کو ہنگری میں حصول ِتعلیم کیلئے بھیجا گیا
Aug 22, 2023