بٹگرام میں آلائی پاشتو کے مقام پر چیئر لفٹ کی رسی ٹوٹ گئی۔ چیئرلفٹ کے اندر سکول کے طلباء اور اساتذہ سوار ہیں۔ تفصیلات کے مطابق چیئرلفٹ کی بلندی 1500 فٹ بتائی جارہی ہے۔ جس کی ایک رسی ٹوٹ جانے کی وجہ سے چیئرلفٹ فضاء میں لٹک گئی ہے۔ رسی ٹوٹ جانے کی اطلاع پر مساجد میں مدد کیلئے اعلانات کروائے جارہے ہیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہیں ریسکیو ادارے بھی موقع پر پہنچ چکے ہیں تاہم ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ زیادہ بلندی کے باعث ہیلی کاپٹر کے بغیر ریسکیو آپریشن ممکن نہیں۔ دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ کمشنر ہزارہ ڈویژن نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کو ہیلی کاپٹر آپریشن کیلئے خط لکھ دیا ہے۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کا کہنا ہے کہ ڈیزاسٹر ٹیم بٹگرام سے موقع پر روانہ کردی گئی ہے۔ موقع پر موجود افراد کے مطابق لفٹ میں پھنسے بچوں کی عمریں 10 سے 12 سال کے درمیان ہیں۔ چیئرلفٹ میں موجود شخص گلفراز کا کہنا ہے کہ واقعہ صبح 7 بجے پیش آیا۔ نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان نے چیئرلفٹ ٹوٹنے کے واقعے کا نوٹس لیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے چیف سیکرٹری سے رابطہ کیا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ نے لفٹ میں پھنسے افراد کو بحفاظت ریسکیو کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کردی ہے۔
بٹگرام آلائی پاشتو کے مقام پر چیئرلفٹ کی رسی ٹوٹ گئی، طلباء پھنس گئے
Aug 22, 2023 | 11:44