اسلام آباد: قومی ایئر لائن پی آئی اے ڈالر کی اونچی اُڑان اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے سبب پیدا ہونے والے شدید مالی بحران سے بچنے کے لیے جدوجہد میں مصروف ہے، ایسے میں پی آئی اے نے 11 طیاروں کو گراؤنڈ کر دیا ہے، جن میں اس کے تین بوئنگ 777 طیارے بھی شامل ہیں۔رپورٹس کے مطابق 30 کے قریب طیارے چلانے والی ایئر لائن کو فنڈز کی کمی کے باعث گزشتہ تین سالوں سے اسپیئر پارٹس کی خریداری میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، جس کے نتیجے میں 11 طیارے گراؤنڈ ہو چکے ہیں۔پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق اسپیئر پارٹس کی خریداری کے لیے فنڈز کی کمی کی وجہ سے 11 طیارے گراؤنڈ کیے گئے ہیں. انہوں نے بتایا کہ قومی ایئر لائن مالی طور پر مشکلات کا شکار ہے اور غیر ملکی کرنسی پر انحصار کررہی ہے۔ایئر لائن کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ قومی ایئر لائن اس وقت 20 طیاروں کے ساتھ آپریشن میں مصروف ہے.اور فلائٹ آپریشن دستیاب طیاروں کے مطابق کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پروازیں بڑھائی گئیں تو بین الاقوامی روٹس پر ایئر لائن کو طیاروں کی کمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اسپیئر پارٹس کی قلت، پی آئی اے نے 11 طیارے گراؤنڈ کر دیے
Aug 22, 2023 | 18:27