لاہور(نامہ نگار)وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے محکمہ پولیس کی کارکردگی کے تعین کیلئے مقرر کئے گئے ’’ کی پرفارمنس انڈیکیٹرز‘‘کی ماہ جون و جولائی کی رپورٹ کے مطابق لاہور پولیس نے 68.84 نمبرز حاصل کئے اور کارکردگی کے لحاظ سے بڑے شہروں میں سب سے آگے رہی۔ سی سی پی لاہوربلال صدیق کمیانہ نے بتایا کہ پولیس نے ایف آئی آرزکابروقت اندراج اورمیرٹ پر تفتیش کویقینی بنایا ہے۔ بچوں، خواتین اور بے وسیلہ طبقات کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے۔ نقص امن کے مرتکب قانون شکن عناصر کیخلاف جامع حکمت عملی مرتب کی گئی ہے اور قانون شکن عناصر کیخلاف بڑے پیمانے پر کارروائیوں سے کرائم کنڑول کیا گیا ہے۔ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے ذریعے منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث مافیاز کو قانون کے شکنجے میں لا یا گیا ہے۔ لاہور پولیس کی موثر حکمت عملی سے صوبائی دارالحکومت میں قیام ِ امن یقینی بنانے میں مدد ملی ہے۔