کراچی (کامرس رپورٹر )پاکستان سٹاک ایکس چینج میں گزشتہ روز ماہ ستمبر میں بورڈ کی منظوری کیلئے آئی ایم ایف کے ساتھ مثبت پیشرفت کی خبروں پر کاروبار حصص میں زبردست تیز ی کا رجحان رہا اور انڈیکس500سے زائد پوائنٹس بڑھ گیا جس کی وجہ سے مارکیٹ ایک بار پھر78ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حدپر بحال ہو گئی جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں 81ارب روپے کا اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 104کھرب روپے سے تجاوز کر گیا اور63.69فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت ہوا ایک موقع پر انڈیکس 78400 پوائنٹس کی بلند سطح کو چھو گیا تھا کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس میں 515.34پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 77745.52پوائنٹس سے بڑھ کر78260.86پوائنٹس ہو گیا۔