لاہور(نیوز رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز پنجاب ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم نے کہا پاکستان ٹیلی ویژن نے ملک میں علم و اطلاعات کی فراہمی اور تفریح کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے اور یہ حکومت کے فلاحی اقدامات کو عوام تک پہنچانے کا موثر ذریعہ ہے۔ پنجاب حکومت کے عوامی اور فلاحی منصوبوں کو بروقت عوام تک پہنچانے کیلئے محکمہ تعلقات عامہ اور پی ٹی وی کے درمیان تعاون روز بروز فروغ پا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ٹیلی ویژن لاہور مرکز کے دورے کے موقع پر کیا۔ جنرل منیجر پی ٹی وی لاہور ڈاکٹر قیصر شریف نے ان کا استقبال کیا۔ سینئر نیوز ایڈیٹر محمد شکیل ملک اور پی ٹی وی کے دیگر سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم نے کہا عوام کو اطلاعات اورمعیاری تفریح کی فراہمی میں پاکستان ٹیلی ویژن کا کردار خصوصی اہمیت کا حامل ہے اور پی ٹی وی نے اپنے پروگرامز خصوصا ڈراموں کے ذریعے عوام کی کثیر تعداد کو اپنا گرویدہ بنایا ہے۔ جنرل منیجر پی ٹی وی لاہور ڈاکٹر قیصر شریف نے ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز پنجاب ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم کو شعبہ نیوز، سٹوڈیوز، ٹیکنیکل ایریا، وی ٹی آر سسٹم، آرٹسٹ گیلری اور پی ٹی وی میوزیم کا دورہ کرایا اور پی ٹی وی کے پروگرامز اور آپریشنز کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں۔ سینئر نیوز ایڈیٹر محمد شکیل ملک نے شعبہ نیوز کے طریقہ کار خصوصا پنجاب حکومت کی کوریج کے حوالے سے بریف کیا۔
پی ٹی وی نے علم و اطلاعات ، تفریح کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا :شہنشاہ فیصل عظیم
Aug 22, 2024