پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین ٹو کا کامیاب تجربہ کر لیا۔ مسلح افواج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ تربیتی لانچ کا مقصد ٹروپس کی تربیت، مختلف تکنیکی پیرامیٹرز کی توثیق کا جائزہ لینا تھا۔ تربیتی لانچ کا مشاہدہ سٹریٹجک پلانز ڈویڑن، آرمی سٹریٹجک فورسز کمانڈ، سائنسدانوں اور سٹریٹجک تنظیموں کے انجینئرز کے سینئر افسران نے کیا۔ ڈائریکٹر جنرل سٹریٹجک پلانز ڈویڑن نے سائنسدانوں کی تکنیکی صلاحیت، لگن اور عزم کو سراہا۔ صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور تینوں سروسز چیفس نے کامیاب تجربے پر مبارکباد پیش کی۔ پاکستان جس خطے میں واقع ہے وہاں اسے صرف اپنی حفاظت کے لیے ہی نہیں بلکہ طاقت کا توازن برقرار رکھنے کے لیے بھی دفاعی قوت بڑھانے کی ضرورت ہے۔ مزید یہ کہ بھارت خطے میں جس طرح اپنی چودھراہٹ قائم کرنے کے لیے معاملات کو بگآڑنے کی کوششوں میں لگا رہتا ہے ان سے نمٹنے کے لیے بھی یہ ضروری ہے کہ پاکستان خود کو دفاعی حوالے سے مزید مضبوط بنائے۔ ہمارا دفاعی حصار جتنا مضبوط ہوگا اتنا ہی سرحد پار سے جارحیت کے خطرات کم ہوں گے۔ علاوہ ازیں، مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بھی ضروری ہے کہ پاکستان خود کو دفاعی اعتبار سے اتنا مستحکم بنائے کہ دشمن کسی غلط فہمی کا شکار نہ رہے۔ بلا شبہ عساکر پاکستان ناقابلِ تسخیر ہیں لیکن امن دشمن عناصر جس طرح اپنی شر پسندانہ کارروائیوں کو بڑھا رہے ہیں اور ان کی وجہ سے ملک میں جیسے خوف و ہراس پھیل رہا ہے اس سے نمٹنے کے لیے بھی یہ ضروری ہے کہ سکیورٹی فورسز کی صلاحیت اور استعداد میں مزید اضافہ کیا جائے۔ پاکستان دفاعی اور تزویراتی طور پر مضبوط اور مستحکم ہوگا تو اس سے اس کے دوسرے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی لیکن اگر دفاعی حوالے سے کمزوری رہ جائے گی تو اس کی کسر دوسرے حوالوں سے پوری نہیں کی جاسکتی۔
بیلسٹک میزائل شاہین ٹو کا کامیاب تجربہ
Aug 22, 2024