صیہونی فورسز کی ریاستی دہشتگردی جاری، مزید 52 فلسطینی شہید

Aug 22, 2024

بیروت+ مقبوضہ بیت المقدس+ دوحہ (آئی این پی+این این آئی) غزہ پر جاری اسرائیلی حملوں کے 319 ویں روز مزید 52  فلسطینی شہید ہو گئے۔ طبی ذرائع نے الجزیرہ کو تصدیق کی ہے غزہ کے مصطفیٰ حفیظ سکول پر حملے میں12  افراد شہید ہوئے، جہاں سیکڑوں بے گھر افراد نے پناہ لے رکھی تھی۔ دیر البلاح مارکیٹ میں فضائی حملے میں8  افراد شہید، رفاح اور بریج میں بھی بمباری سے اموات ہوئیں۔ شہید فلسطینیوں کی تعداد40,173  ہو چکی ہے جبکہ 92,857 زخمی ہیں۔ دوسری طرف اسرائیل کے جنگی طیاروں کے لبنان میں فضائی حملوں میں5  افراد ہلاک اور20  افراد زخمی ہو گئے۔ حزب اللہ کے ایک اعلیٰ کمانڈر کی ہلاکت کے بعد کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ لبنان کی وزارت صحت کی جانب سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار میں کہا گیا ہے کہ بیکا وادی پر اسرائیلی دشمن کے حملوں میں ایک شخص ہلاک اور 20 زخمی ہوئے۔ لبنان کے جنوبی شہر سیدون میں اسرائیل کے کار پر ڈرون حملے میں الفتح تنظیم کے رہنما خلیل مکدہ شہید ہو گئے۔ وہ الفتح کے مسلح ونگ کے کمانڈر کے بھائی تھے۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا نیتن یاہو کے بیانات کے باوجود اسرائیل غزہ سے فوجی انخلا پر تیار ہے۔ تنظیم آزادی فلسطین (پی ایل او) کی مجلس عاملہ کے سیکرٹری حسین الشیخ نے باور کرایا ہے کہ صرف امریکہ ہی غزہ کی جنگ روکنے کے لیے دباؤ ڈال سکتا ہے۔ عرب ٹی وی کو دیئے گئے ایک بیان میں الشیخ کا کہنا تھا کہ امریکا نے اسرائیل پر کافی دباؤ نہیں ڈالا۔ اسرائیلی اقدامات کے سبب غزہ کے حوالے سے کسی معاہدے تک پہنچنے کی امید نہیں۔ الشیخ نے بتایا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کو آگاہ کر دیا گیا ہے کہ صدر محمود عباس غزہ کے دورے کے خواہش مند ہیں۔ دوسری جانب خارجہ امور کی فلسطینی وزیر مملکت فارسین شاہین نے انکشاف کیا کہ صدر عباس بہت جلد غزہ کا دورہ کریں گے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ عالمی برادری صدر محمود عباس کے غزہ کے دورے کی حمایت کرے گی۔

مزیدخبریں