بلاول کی زیر صدارت اجلاس، پنجاب کی سیاسی صورتحال پر بریفنگ

Aug 22, 2024

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی کی مسلم لیگ (ن) کی پالیسیوں پر تحفظات کے حوالے سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی وزیراعظم سے آج ملاقات ہو گی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم سے بلاول بھٹو کی ملاقات گزشتہ شام ہونے کا امکان تھا تاہم ملاقات ری شیڈول کر دی گئی جو کہ آج ہو گی۔ وزیراعظم شہباز شریف بلاول بھٹو زرداری کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔ بلاول بھٹو پنجاب کے حوالے سے تحریری معاہدے پر عمل درآمد نہ ہونے پر تحفظات کا اظہار کریں گے۔ وہ آئی ایم ایف پابندیوں کے بارے میں حکومتی دعووں کے برعکس پنجاب میں سبسڈی کے معاملے پر اپنے تحفظات سے وزیر اعظم کو آگاہ کریں گے۔ بلاول مہنگی بجلی کے معاملے پر طویل المدتی حل تجویز کریں گے اور سستی بجلی کیلئے تھر کا کوئلہ زیراستعمال لانے کا کہیں گے۔  پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پی پی پی پنجاب کے رہنماؤں کا زرداری ہاؤس میں اجلاس ہوا جس میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو پی پی پی پنجاب کے رہنماؤں نے صوبے کی سیاسی صورت حال پر بریفنگ، کارکردگی کے حوالے سے بھی اپنی رائے دی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پی پی پی پنجاب کے رہنماؤں کے درمیان تنظیمی صورت حال پر بھی تفصیلی طور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں پی پی پی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف، جنرل سیکرٹری حسن مرتضی، سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ، رانا فاروق سعید، امتیاز صفدر وڑائچ اور چوہدری منظور، مہر غلام فرید کاٹھیا، ندیم اصغر کائرہ، میاں اظہر حسین ڈار، اعجاز احمد سماں، ملک طاہر اختر، تسنیم قریشی اور سید عنایت علی شاہ، رائے شاہجہاں بھٹی، ثمینہ خالد گھرکی، خواتین ارکان پنجاب اسمبلی نیلم جبار چوہدری، نرگس فیض ملک و دیگر بھی شریک تھے۔

مزیدخبریں