اسلام آباد (وقائع نگار) الیکشن کمیشن نے رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی اپ ڈیٹڈ فہرست جاری کردی جس میں تحریک انصاف کے چیئرمین کا خانہ تاحال خالی رکھا گیا ہے۔ ای سی پی کی سیاسی جماعتوں کی اپ ڈیٹڈ فہرست میں نوازشریف کا نام بطور صدر مسلم لیگ (ن)، جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان کانام بطورپارٹی سربراہ اور محمودخان کا نام بطور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین اپ ڈیٹ کردیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی تازہ فہرست میں صدر آصف علی زرداری کا نام بطورصدرپاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین اور اسفندیار ولی خان کا نام اب بھی صدر عوامی نیشنل پارٹی موجود ہے جب کہ 167 رجسٹرڈ جماعتوں میں پاک سر زمین پارٹی اور جی ڈی اے سمیت دیگر جماعتوں کے نام بھی شامل ہیں۔ یاد رہے کہ الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی کے انٹراپارٹی الیکشن کا کیس زیر التوا ہے جب کہ مسلم لیگ (ن) اور جماعت اسلامی نے بھی 8 فروری کے الیکشن کے بعد جماعتی انتخابات کروائے تھے جنہیں تسلیم کرلیا گیا ہے۔ دوسری طرف اے این پی نے الیکشن کمیشن کی جانب سے سیاسی جماعتوں کی تازہ فہرست میں ایمل ولی کو پارٹی کا مرکزی صدر نامزد نہ کرنے پر عدالت جانیکا اعلان کردیا۔ ترجمان اے این پی انجینئر احسان اللہ خان کا کہنا ہیکہ ایمل ولی کو صدر نامزد نہ کرنے پر عدالت جائیں گے، انٹرا پارٹی انتخابات میں ایمل ولی صدر منتخب ہوئے ہیں۔ترجمان اے این پی کا کہنا ہیکہ لگتا ہے الیکشن کمیشن پر دباؤ ہے، الیکشن کمیشن کو اپنی طرف سے تمام مطلوبہ دستاویز فراہم کی تھیں۔