اپنی چھت اپنا گھر سکیم کا افتتاح، پنجاب ہر چیز میں لیڈ لے رہا لوگوں کی دوڑ لگی ہے: مریم نواز

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے عوام سے کیا وعدہ نبھاتے ہوئے اپنی چھت اپنا گھر ماڈل ہاؤس کا افتتاح کر دیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پورٹل کی لانچنگ بھی کی۔ شہری’’اپنی چھت اپنا گھر پورٹل acag.punjab.gov.pk  سے اپلائی کرسکیں گے۔ ’’اپنی چھت  اپنا گھر پروگرام‘‘ کے لئے ہیلپ لائن نمبر 0800-09100 پر کال کرکے انفارمیشن لے سکیں گے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ماڈل ہاؤس کا دورہ کیا اور ماڈل ہاؤس کے ہر حصے کا مکمل معائنہ کیا۔ مریم نواز نے تعمیرات سے متعلق مختلف سٹالز کا جائزہ لیا اور Idap کے سٹال پر تھری ڈی پرنٹر کا مشاہدہ بھی کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کو کنکریٹ کی مضبوطی جانچنے کے لئے سمارٹ راک اور ماحول دوست اینٹ ٹائپ ’’کور ایکو بلاک‘‘ کے بارے میں بتایا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے آشیانہ قائد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کیا اور سیکرٹری ہاؤسنگ اسداللہ خان اور ڈی جی پھاٹا کی کاوشوں کو سراہا۔ مریم نواز شریف نے کہا ہے  الحمد للہ! پنجاب ہر چیز میں لیڈ لے رہا ہے، لوگوں کی دوڑیں لگی ہوئی ہیں، سولہ سولہ گھنٹے کام اور ہر سکیم کی کڑی مانیٹرنگ کررہی ہوں۔ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہر طرح کی نعمت ہو اپنی چھت، اپنا گھر نہ ہو تو انسان کو وہ کمی محسوس ہوتی ہے جو لفظوں میں بیان کرنا بہت مشکل ہے۔ بہت سے لوگ پوچھ رہے تھے کہ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کب شروع کررہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ سیکرٹری ہاؤسنگ کیپٹن اسد اور ڈی جی پھاٹا سیف انور جپہ نے ہماری توقعات سے بڑھ کر کام کیا۔ کیپٹن اسد نے میرے ویژن سے ایک قدم آگے جاکر اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کو کامیاب بنایا۔ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت تین سکیموں پر جلد عملدرآمد شروع ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کا سب سے زیادہ انتظار جس کو تھا وہ محمد نوازشریف ہیں۔ محمد نوازشریف نے اپنے دور میں ہاریوں کو زمین دی جس کے نہایت مثبت اثرات مرتب ہوئے۔ محمد نوازشریف اکثر کہتے ہیں کہ کسی کو اپنی چھت دے دو، اپنا گھر دے دو تو اس سے بڑھ کر کون سی خدمت ہے۔ پنجاب کے عوام کو خوشخبری دیتی ہوں کہ اپنا گھر بنانے کے لئے شہری علاقے میں ایک سے پانچ مرلے اور دیہات میں ایک سے 10مرلے تک کے زمین کے مالک کو 15لاکھ روپے قرض دیا جائے گا۔ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت7 سال کی آسان اقساط میں قرض ادا کرنا ہوگا۔ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت قرض حاصل کرنے کے پہلے تین ماہ ایک پیسہ تک نہیں دینا ہوگا۔ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت قرض حاصل کرنے والوں کو زیادہ سے زیادہ 14ہزار روپے قسط ادا کرنی ہوگی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت قرض پر کوئی سود نہیں، کوئی پوشیدہ چارجز نہیں اور کوئی سروس چارجز نہیں۔ عام آدمی کے گھر کے ماہانہ بجٹ میں کچن کی اشیاء، ادویات، فیسیں، بل شامل ہوتے ہیں جن کی وجہ سے بہت مشکل ہوتی ہے۔ تاریخ کا سب سے بڑا سولر پراجیکٹ لارہے ہیں تاکہ اگلے سال بلوں کا مسئلہ ہی نہ رہے۔ جبکہ سندھ کے 7ویں سول سروس ٹریننگ پروگرام کے افسران کے وفد سے ملاقات میں وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے عوام کو ریلیف دیں گے تو سب سے زیادہ خوشی مجھے ہوگی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ سندھ میں جو اچھے کام ہوئے ہیں ہمیں بھی کرنے چاہئیں، بہت سے کام ہم بھی کررہے ہیں سندھ کو دیکھنے چاہئیں۔ کسی صوبے میں اگر کوئی اچھا کام ہورہا ہے تو اپنانے میں کوئی حرج نہیں۔ ہم پاکستانی ہیں ملکر عوام کی خدمت کرنی ہے، باہمی رابطے رکھنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ مراد علی شاہ صاحب سے احترام کا رشتہ ہے، میٹنگ میں سب ایک ہوتے ہیں۔ نواز شریف نے موٹروے بناکر صوبوں کو ایک دوسرے سے جوڑا۔ سی پیک پورے پاکستان کے لئے ہے۔ رات بھر میں تبدیلی ممکن نہیں ہوتی لیکن کوشش کرنی چاہیے۔ پوسٹنگ ٹرانسفر 100فیصد میرٹ پر ہوتی ہیں، اپنے لوگوں کو ناراض کیا لیکن میرٹ پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا۔ انتظامیہ کو بتا دیا ارکان اسمبلی اور عوام کا جائز کام ضرور کرنا ہے، ناجائز کام کسی کا نہیں کرنا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن سے کرپشن کا خاتمہ ممکن ہے۔ ڈیجیٹلائزیشن سے سسٹم کو گلوبلائز کیا جائے گا، بیرون ملک بیٹھے لوگ گورنمنٹ سروسز حاصل کر سکیں گے۔ گھوسٹ سکول ٹیچر اور انرولمنٹ ہوتی رہی ہوگی لیکن اب ایجوکیشن سسٹم کو بدل رہے ہیں۔ پینک بٹن کا دائرہ کار پورے پنجاب تک بڑھائیں گے۔ پنجاب سب سے بڑا صوبہ ہے، بہتر انفراسٹرکچر، گورننس اور معاشی مواقع کی وجہ سے لوگ یہاں آرہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ہیلتھ پر شہباز شریف صاحب نے بہت محنت کی لیکن پانچ سالوں میں ہسپتالوں کا بہت برا حال کر دیا گیا۔ اضلاع میں صفائی کا سسٹم پہلی دفعہ مکمل طور پر آؤٹ سورس کیا جارہا ہے۔ دیہات میں صفائی کا کوئی تصور ہی نہیں تھا لیکن اب گاؤں بھی صاف ہوں گے۔ تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے لئے پائیدار اقدامات کررہے ہیں۔ گندم خریداری نہ کرکے کرپشن کے سرکل کو توڑا اور عوام کے لئے آٹا اور روٹی سستی ہوئی۔ اس وقت پورے پاکستان میں سب سے زیادہ سستی روٹی پنجاب میں مل رہی ہے۔ آپ دوسرے شہروں، ہسپتالوں، سکولوں اور اداروں میں نہیں جائیں گے تو مسائل کا کیسے پتا چلے گا۔ خود ستائی نہیں کررہی لیکن 16سے 17گھنٹے نان سٹاپ کام کرتی ہوں۔ افسران میرے دست و بازو ہیں مشاروت کا سلسلہ مسلسل جاری رہتا ہے۔ سپیڈ میچنگ نہ کرنے پر ناراض ہوجاتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کی طرح کام کرتے ہیں، بیوروکریسی نے ہر پراجیکٹ میں پوری طرح سپورٹ کیا۔ مجھے کہا گیا کہ بیوروکریسی نہیں چلنے دے گی لیکن مجھے مثالی تعاون اور سپورٹ ملی۔ سندھ حکومت کے افسروں نے وزیر اعلی مریم نواز کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے کھڑے ہوکر تالیاں بجائیں۔ مریم نواز شریف نے مکسڈ مارشل آرٹس ایشیئن چیمپئن شپ کا سیمی فائنل جیتنے پر ایتھلیٹ بانو بٹ کو مبارکباد دی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے بانو بٹ سے مکسڈ مارشل آرٹس ایشیئن چیمپئن شپ کے فائنل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ قوم کی بیٹی گولڈ میڈل جیت کے قوم کا سر فخر سے بلند کرے گی۔ مریم نواز شریف نے لاڑکانہ سے ایران جانے والی بس کو حادثہ پیش آنے سے درجنوں زائرین کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سوگوار خاندانوں سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بہاولپور ڈیرہ بکھا ٹول پلازہ پر حادثے سے 3 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن