بارش سے تباہی، آسمانی بجلی اور چھتیں گرنے سے 3 افراد جاں بحق، 21 سے زائد زخمی

اسلام آباد؍لاہور؍ ساہیوال؍ میانوالی؍ واں بھچراں؍ خوشاب؍ حافظ آباد (نمائندگان+ این این آئی) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں نے تباہی مچا دی،  نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ گلی محلوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا۔ لاہور میں رات گئے لکشمی چوک، مال روڈ، جیل روڈ، باغبانپورہ، تاج پورہ، اقبال ٹاؤن اور چوبرجی سمیت مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش سے جل تھل ایک ہو گیا۔ بلوچستان میں مون سون بارشوں نے تباہی مچا دی۔ خضدار میں  ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔ کچے کے علاقوں میں سیلابی صورتحال برقرار ہے۔ آزاد کشمیر میں بھمبر، کوٹلی میں موسلادھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے۔ ساہیوال اور گردونواح میں بارش کے باعث شہر کے نشیبی علاقے غلہ منڈی، عنایت الٰہی کالونی، بھٹو نگر، مسلم بن عقیل کالونی، جھال روڈ و دیگر ملحقہ علاقے اور شہر کے تمام بازار پانی میں ڈوب گئے۔ بارش اور سیوریج کا پانی مکس ہوکر گلیوں اور گھروں میں داخل ہوگیا۔ شہری اپنے اپنے گھروں سے پانی نکالنے کیلئے مجبور رہے۔ بارش کے باعث کاروبار ٹھپ ہوکررہ گئے۔ بارش شروع ہوتے ہی مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش ہوگئی۔ بنوں کی تحصیل ڈومیل کے علاقے خوڑگئی موسیٰ خیل میں گھر پر آسمانی بجلی گرگئی، جس کے باعث مکان کی چھت گرنے سے 2 خواتین جان کی بازی ہار گئیں۔ خواتین سمیت 7 افراد زخمی بھی ہوئے۔ میانوالی کے قصبہ مظفر پور میں خانہ بدوشوں کی جھونپڑی پر درخت گرنے سے ایک شخص جاںبحق ہو گیا، تین افراد زخمی ہو گئے۔ خوشاب کے محلہ جھڈیانوالا خوشاب میں باوا محمد علی کے مکان کی چھت اس وقت گر گئی جب اس گھر  میں منگنی کی تقریب ہورہی تھی۔ اس کے نتیجہ میں خواتین اور بچوں سمیت 14 افراد ملبے کا شکار بن کر زخمی ہو گئے۔  زخمیوں میں 5 سالہ محمد، علیان، طاہرہ، سائرہ بانو، حنا، زینب فاطمہ، فریحہ، ساجدہ، ابرہ، سر مین،  اکرم، راشدہ  اور ناہید شامل ہیں۔ حافظ آباد کے نواحی قصبہ رسولپور تارڑ میں بارش کے باعث ایک نجی سکول کے کلاس روم کی چھت گرگئی جس کے نتیجہ میں متعدد طلبہ وطالبات زخمی ہوگئے۔

ای پیپر دی نیشن