لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ میں این اے 68 سے حاجی امتیاز احمد ایم این اے کو جیل سہولتوں کے لیے درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے ہوم ڈیپارٹمنٹ کو بی کلاس دینے کی درخواست پر دو روز میں فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے ناجس بی بی کی درخواست پر سماعت کی، درخواست میں وفاقی حکومت، صوبائی حکومت، ہوم سیکرٹری، آئی جی جیل خانہ جات اور سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل گوجرانولہ کو فریق بنایا گیا تھا۔ درخواست گزار کی بیوی کا موقف تھا کہ جیل حکام ان کا چیک اپ نہیں کیا جا رہا۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ جیل میں چیک اپ کیا جا رہا ہے۔ ادویات فراہم کی جا رہی ہیں، ملزم بلڈ پریشر 120 ہے جو آئیڈیل ہے درخواست گزار وکیل کا موقف تھا کہ اس کے شوہر پی ٹی آئی کے ایم این اے ہیں۔ سیاسی بنیادوں پر اسکے شوہر کو اٹھوا لیا گیا‘ درخواست میں استدعا تھی کہ عدالت اسکے شوہر کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دے۔ اس کے شوہر کو جیل میں بی کلاس سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی جائے۔