چنیوٹ (نمائندہ نوائے وقت ) تھانہ صدر کے علاقہ کوٹ خدا یار میں مبینہ طور پر پولیس رات کے وقت گھر میں داخل ہوئی اور 60 سالہ ریاض حسین کو اسلحے کے بٹ مار مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا اور گھر کے تین افراد کو ساتھ لے گئے۔ لواحقین نے ختم نبوت چوک پر نعش رکھ کر کئی گھنٹے تک پولیس کے خلاف شدید احتجاج کیا اور کہا کہ گذشتہ رات پولیس کی دو گاڑیاں ہمارے گھر کے پاس آئیں اور گھر میں داخل ہو کر ریاض کو بے دردی سے قتل کیا اور گھر کے تین افراد کو اغوا کر کے لے گئے۔ ہمارے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں، یہ عداوت کی وجہ سے زیادتی کی گئی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب ہمیں انصاف دلائیں، ہمارے ساتھ ظلم کیا گیا ہے۔ واقعہ پر ڈی پی او چنیوٹ عبداللہ احمد نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی سٹی کو معاملہ کی فوری رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
چنیوٹ: پولیس کا گھر پر چھاپہ، تشدد سے ایک شخص ہلاک، 3 کو ساتھ لے گئی
Aug 22, 2024