پی ٹی آئی رہنما ظہیر عباس کی نظربندی کے احکامات واپس، عدالت نے اکمل باری کی گرفتاری روکدی  

 لاہور(خبرنگار)لاہور ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کے رہنماء ظہیر عباس کی غیر قانونی حراست کے خلاف درخواست پرعدالت نے نظر بندی کے احکامات واپس لینے کی روشنی میں نمٹا دی۔ جسٹس شکیل احمد نے درخواست پر سماعت کی۔ سرکاری وکیل کی جانب سے عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ ظہیر عباس کے خلاف نظر بندی کے احکامات واپس لے لیے گئے ہیں۔ 13 اگست کونظر بندی کے احکامات جاری کیے گئے تھے بعد ازاں ڈپٹی کمشنر وزیر آباد نے 20 اگست کو نظر بندی احکامات واپس لے لیے۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا عدالت نظر بندی کو غیر قانونی قرار دے کر ظہیر عباس کو بازیاب کروانے کا حکم دے۔ ادھر پی ٹی آئی کے صوبائی سینئر نائب صدر اکمل خان باری کو ہراساں کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ لاہور ہائیکورٹ نے اکمل خان باری کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شکیل احمد نے اکمل خان باری کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار نے لاہور میں پارٹی جلسے کی اجازت کیلئے ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔ بغیر کسی مقدمہ کے ہراساں کیا جا رہا ہے۔ پولیس کو ہراساں کرنے سے روکنے کا حکم دیا جائے، جسٹس خلیل احمد نے قرار دیا کہ لاء افسر پولیس کو عدالت کے حکم سے آگاہ کر دیں، عدالت نے درخواست گزار کو ہراساں کرنے سے روکتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔

ای پیپر دی نیشن