لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ سندھ میں بدترین حکومت اور گورننس ہے، پیپلز پارٹی قبضہ گروپ، صوبہ میں سسٹم کے نام پر مذاق ہو رہا ہے، اسی سسٹم کو اب اٹھا کر اسلام آباد میں بٹھا دیا گیا۔ پیپلز پارٹی کبھی پارٹی تھی تو ہوگی، اب تو چند وڈیروں اور خاندانوں کا گروہ ہے جو اسٹیبلشمنٹ کے سب سے زیادہ قریب ہے۔ وصیت کی پرچی پر بننے والی، کامیاب ہوئے بغیر کراچی کی میئر شپ پر قابض اور فارم 47 پر ایم کیو ایم سے دیہی اور شہری علاقوں میں سیٹوں کا بٹوارہ کرنے والی پارٹی کی کیا قانونی و سیاسی حیثیت ہو گی؟ ن لیگ، جماعت اسلامی سندھ سمیت پورے ملک میں یکم ستمبر سے رابطہ عوام مہم کا آغاز کر رہی ہے۔ کارکن سندھ کے گوٹھوں، دیہاتوں، چوکوں، چوراہوں، مساجد، مدارس، تعلیمی اداروں میں جائیں اور عوام کو حقوق کے حصول کے لیے موبلائز کریں، رابطہ عوام مہم کے دوران پورے ملک میں ممبرشپ ہو گی۔ نوجوانوں پر خصوصی فوکس کیا جائے، نوجوانوں نے ہی ملک کو مافیا سے آزاد کرانا ہے۔ ماؤں بہنوں بیٹیوں کو ممبر بنایا جائے گا۔ جماعت اسلامی بجلی کی قیمتوں اور ٹیکسز میں بے تحاشا اضافہ اور حکمرانوں کی عیاشیوں کے خلاف 28 اگست کو ملک گیر ہڑتال کرے گی، عوام سے اپیل ہے ہڑتال کو کامیاب کرائیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے حیدرآباد میں لیڈر شپ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت نے کہا کہ دھرنا کے بعد معاہدہ پر عملدرآمد کے لیے مسلسل تحریک جاری ہے۔ بلاول بھٹو دنیا کو دکھانے کے لیے مندروں پر دیے جلاتے ہیں۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان کے تمام صوبوں میں بجلی کی لاگت کے حساب سے قیمت کم کر کے ظلم و نا انصافیوں کے مارے عوام کو ریلیف دیا جائے۔ قومی معیشت کو مفاد پرستوں نے تباہ کر دیا ہے۔
پیپلز پارٹی کبھی جماعت ہو گی، اب چند وڈیروں، خاندانوں کا گروہ ہے: حافظ نعیم
Aug 22, 2024