لاہور (نوائے وقت رپورٹ) واپڈا نے پیرس اولمپکس 2024 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ایتھلیٹ ارشد ندیم کو 50لاکھ روپے کا انعام دیا ہے۔ چیئرمین واپڈا اور واپڈا سپورٹس بورڈ کے سرپرستِ اعلیٰ انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) نے واپڈا ہاؤس لاہور میں ارشد ندیم کے اعزاز میں منعقد ہونے والی تقریب میں انہیں کیش ایوارڈ دیا۔ واپڈا کے نوح دستگیر کو بھی ازبکستان میں ہونے والے سٹرانگ مین گیمز 2024ء میں گولڈ میڈل جیتنے پر نقد انعام دیا گیا جبکہ ساؤتھ افریقہ میں ہونے والے کلاسک پاور لفٹنگ چیمپئن شپ میں گولڈ میڈلز حاصل کرنے والی تین بہنوں سائبل سہیل، ویرونیکا سہیل اور ٹوئنکل سہیل کو بھی کیش ایوارڈز دیئے گئے۔ پاکستان کے لیے ایتھلیٹکس میں پہلا گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد یتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ ارشد ندیم نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔ قوموں کی ترقی میں کھیلوں کا اہم کردار ہے، اسی لیے واپڈا پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کے لئے نصف صدی سے کلیدی کردار ادا کررہا ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے پروقار تقریب کے انعقاد پر واپڈا سپورٹس بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔ کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ واپڈا سپورٹس بورڈ نے نہ صرف انہیں بلکہ دیگر سینکڑوں کھلاڑیوں کو بھی ملک بھر میں روزگار کے مواقع اور ٹریننگ کی سہولیات فراہم کی ہیں۔
واپڈا ہاؤس ‘ اولمپیئن ارشد ندیم کے اعزاز میں تقریب، 50 لاکھ کیش ایوارڈ دیا گیا
Aug 22, 2024