آئی سی سی پر قبضہ ‘آسٹریلوی اخبار نے بھارتی منصوبہ بے نقاب کر دیا 

Aug 22, 2024

لاہور(سپورٹس رپورٹر)بھارت کا عالمی کرکٹ پر قبضے کے منصوبے کا بھانڈا آسٹریلوی اخبار نے پھوڑدیا۔اخبار نے کہا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے موجودہ سیکرٹری جے شاہ، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔ آئی سی سی کے موجودہ صدر گریگ بارکلے کو مستعفی ہونے پر مجبور کر رہے ہیں جبکہ بھارتی براڈ کاسٹر ٹی وی رائٹس کی رقم بھی کم کرنا چاہتا ہے۔ حال ہی میں امریکہ اور ویسٹ انڈیز کی مشترکہ میزبانی میں ہونیوالے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کو بھارتی براڈ کاسٹر نے بھارت منتقل کرنیکی کوشش بھی کی تھی۔۔ذرائع کے مطابق بھارت بین الاقوامی کرکٹ پر مکمل قبضے کا خواہشمند ہے۔ جے شاہ آئی سی سی چیئرمین بنے تو مالی طور پر کمزور کرکٹنگ ممالک کو بہت اثر پڑیگا جبکہ پاکستان کی کرکٹ کو بھی نقصان ہوگا۔ جے شاہ آئی سی سی صدر بنے تو آئندہ برس پاکستان میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کی شرکت خطرے میں پڑ جائیگی جبکہ آئی سی سی کا ہیڈ کوارٹر بھی وہ دبئی سے بھارت منتقل کرنے کی کوشش کریں گے۔ بھارتی براڈ کاسٹر جس نے آئندہ چار سال کیلئے تین بلین ڈالر کا نشریاتی حقوق کا معاہدہ کیا ہے، اب وہ بھی اس معاہدے کو کم کرا کے نصف کرانا چاہتا ہے۔ آئی سی سی کے موجودہ چیئرمین نیوزی لینڈ کے گریگ بارکلے 2022 میں منتخب ہوئے تھے جن کی مدت نومبر 2024 میں ختم ہوجائیگی، آئی سی سی کے اگلے چیئرمین کے انتخابات رواں سال نومبر میں ہی ہونگے۔آئی سی سی چیئرمین منتخب ہونے کیلئے جے شاہ کو ایشین کرکٹ کونسل اور بھارتی کرکٹ بورڈ کی ذمہ داریوں سے دستبردار ہونا ہوگا ۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ جے شاہ کو انگلینڈ اور آسٹریلیا کی حمایت حاصل ہے،وہ چیئرمین بن سکتے ہیں ۔آئی سی سی چیئرمین الیکشن کیلئے موجودہ ڈائریکٹر نامزدگیاں 27اگست تک جمع کراسکتے ہیں۔

مزیدخبریں