مریم نواز سندھ اور خیبر پی کے کی حکومتوں کے اعصاب پر سوار : عظمیٰ بخاری

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز دو صوبوں کی حکومتوں کے اعصاب پر بری طرح سوار ہیں۔ سندھ اور خیبر پی کے کی حکومتیں اپنے صوبوں کی بجائے پنجاب پر نظر رکھنے کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ ایک حکومت 16 سال بعد بھی کراچی کا کچرا نہیں اٹھا سکی جبکہ دوسری حکومت 11 سال بعد بھی دریاؤں کو کراس کرنے والی ڈولیوں سے جان نہیں چھڑا سکی۔ مریم نواز کی حکومت کو صرف چند ماہ ہوئے ان کا کام بول رہا ہے اور مخالفین جھوٹا پروپیگنڈا کررہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز پنجاب میں مفت ادویات، طلبہ کو الیکٹرک بائیکس اور سکالرشپ دے رہی ہیں۔ الحمد للہ! مریم نواز نے آج اپنا گھر اپنی چھت میگا پروجیکٹ لانچ کردیا ہے۔ ایک شخص نے ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر دینے کا وعدہ کیا پھر اس سے مکر گیا۔ ایک جماعت پچھلے 3 سال سے سندھ میں 21 لاکھ گھر بنانے کے صرف اعلانات کررہی ہے۔ دونوں حکومتوں کے اپنے ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کا کوئی پرسان حال نہیں مگر ان کو فکر پنجاب کے ہسپتالوں و تعلیمی اداروں کی پڑی ہے۔ مریم نواز کو پنجاب کے عوام نے مینڈیٹ دیا تو وہ خدمت بھی پنجاب کی کریں گی۔

ای پیپر دی نیشن