امریکہ حملے کی تیاری کررہا ہے‘ ہوگوشاویز نے فوج کو دشمن کے طیارے مار گرانے کا حکم دیدیا

Dec 22, 2009

سفیر یاؤ جنگ
کارکاس (اے ایف پی) وینزویلا کے صدر ہوگوشاویز نے امریکہ پر فضائی حدود کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے اپنی فوج کو امریکی طیاروں کو مار گرانے کا حکم دے دیا ہے۔ ریڈیو اور ٹی وی پر ہفتہ وار گفتگو میں انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکہ وینزویلا کے فضائی حدود کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ شاویز نے اپنی فوج کو حکم دیا ہے کہ وہ آئندہ فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی طیارے کو مار گرائے، شاویز نے کولمیبا پر بھی الزام لگایا کہ اس نے امریکہ کو اپنے ملٹری بیس استعمال کرنے کی اجازت دے دی ہے تاکہ وینزویلا پر ممکنہ طور پر حملہ کیا جاسکے۔ تاہم امریکہ اور کولمبیا دونوں نے وینزویلا کے صدر کے الزام کو مسترد کر دیا ہے اور کہا ہے کہ امریکی فوج کی کولمبیا میں موجودگی کا مقصد منشیات کی سمگلنگ کو روکنا ہے۔ واضح رہے یہ تنازع رواں ماہ اس وقت شروع ہو اجب کولمبیئن صدر الوارویورائب نے الزام لگایا کہ وینزویلا نے کولمیبا کے باغی لیڈروں کو پناہ دے رکھی ہے۔ ہوگوشاویز نے گزشتہ روز کولمبیئن صدر کے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی سوشلسٹ حکومت مارکسسٹ گوریلوں کو تحفظ فراہم نہیں کر رہی۔ شاویز نے انتباہ کیا کہ کولمبیاسرحد پار اپنے فوجی بھیج رہا ہے لیکن ہم بھی غیرمسلح نہیں، کولمبیا کو اپنی اس حرکت پر معافی مانگی ہوگی۔
مزیدخبریں