چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی سربراہی میں دورکنی بنچ نے درخواستوں کی سماعت کی۔ درخواست گزاروں کے وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ پنجاب کے چھبیس کالجز میں بورڈ آف گورنرز کے قیام سے اساتذہ کا روزگار غیر محفوظ ہوگیا ہے جبکہ طلباء کےلیے تعلیمی اخراجات برداشت کرنا ناممکن ہوگیا ہے۔ ایڈووکیٹ جنرل خواجہ حارث نے عدالت کو بتایا کہ بورڈ آف گورنرز کے قیام سے نہ تو فیسوں میں اضافہ ہوگا اور نہ ہی کسی استاد کی تنزلی ہوگی۔ سماعت کے بعد فاضل عدالت نے درخواست گزاروں کو ہدایت کی کہ وہ بورڈ آف گورنرز کو فریق بناتے ہوئے ایک ترمیمی درخواست دائر کریں ۔ بعد میں فاضل عدالت نے سماعت تیئیس جنوری تک ملتوی کردی۔