سپورٹس رپورٹر
پاکستان ہاکی فیڈریشن کی کوششوں سے قومی کھیل ہاکی ترقی کی منازل طے کر رہا ہے۔ 2010ءمیں 20 سال بعد پاکستان ٹیم نے ایشین گیمز کا ٹائٹل اپنے نام کیا تو دو سال بعد 2012ءمیں منعقد ہونے والے چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں آٹھ سال بعد قومی ٹیم نے وکٹری سٹینڈ تک رسائی حاصل کی۔ ایشین گیمز کے بعد قومی کھلاڑیوں کی حکومتی سطح پر حوصلہ افزائی ہوئی تھی اب چیمپئنز ٹرافی رینکنگ ٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنا کسی کارنامے سے کم نہیں ہے جس کا کریڈٹ کھلاڑیوں کی محنت کے ساتھ فیڈریشن کی کاوششوں کو بھی جاتا ہے۔ قومی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے پنجاب حکومت نے سب سے پہلے تقریب کا انعقاد کیاجن میں پنجاب حکومت کی جانب سے پاکستان ہاکی ٹیم کے لیے پچاس لاکھ روپے انعام کے ساتھ بے روزگار کھلاڑیوں کو محکمہ پولیس میں ملازمتیں دینے کااعلان کیا ہے۔ وزیر اعلٰی پنجاب نے قومی کھیل کو ترقی دینے کے لیے پنجاب یونیورسٹی کی گراﺅنڈ اور وہاڑی میں نئے آسٹروٹرف بچھائے جائیں گے جبکہ گوجرہ کے آسٹروٹرف کو تبدیل کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے قومی ہاکی ٹیم سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت نے صوبے میں سپورٹس کے فروغ کے لئے ریکارڈ فنڈز فراہم کئے ہیں اور نوجوانوں کو کھیل کے مواقع فراہم کرنے کے لئے انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول کا کامیاب انعقاد کیاہے۔ ہاکی کے فروغ کے لئے جوہر ٹاﺅن میں بہترین جوہر ہاکی سٹیڈیم بنایاگیاہے اسی طرح کے سٹیڈیم صوبے کے دیگر شہروں میں بھی بنائے جائیں گے۔ ہاکی کے کھلاڑیوں کی محکمہ پولیس میں بھرتی اور ہاکی کے دیگر معاملات کے لئے چوہدری اختر رسول کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے اور اس کمیٹی کی سفارشات پر من و عن عمل کیاجائے گا۔ وزیراعلیٰ نے قومی ہاکی ٹیم اور ہاکی فیڈریشن کے عہدیداروں کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہوئے کہاکہ قومی ہاکی ٹیم نے عرصے بعد ہاکی کے میدان میں میڈل حاصل کیاہے جو اچھی کاوش ہے۔ امید کی جانی چاہئیے کہ ٹیم کانسی کے تمغے کے بعد گولڈ میڈل بھی ضرور حاصل کرے گی۔ انہوںنے کہاکہ قومی ہاکی ٹیم مزید محنت کرے اور ہاکی کے ورلڈ کپ 2014کو چیلنج سمجھ کر تیاری کرے اور یہ کپ جیت کر قوم کو تحفہ دے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبائی دارالحکومت میں چیف منسٹرلیگ انٹرنیشنل ہاکی ٹورنامنٹ کے انعقاد کا جائزہ لیاجائے۔ بیرون ممالک سے ٹیمیں بلاکر یہاں ٹورنامنٹ کروائے جائیں، پنجاب حکومت اس حوالے سے مکمل تعاون کرے گی۔ انہوںنے کہاکہ وہاڑی اور پنجاب یونیورسٹی کے گراﺅنڈ میں نئی آسٹروٹرف بچھانے کی منصوبہ بندی کرکے اس پر فوری عملدرآمدکیاجائے۔ صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن قاسم ضیاءنے اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کے تہ دل سے شکریہ ادا کیا کہ وہ قومی کھیل کی ترقی کے لئے بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔ اگرچہ ہاکی فیڈریشن وفاقی معاملہ ہے لیکن پنجاب حکومت کے تعاون کو فراموش نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول کے کامیاب انعقاد کو یقینی بناکر ثابت کیا ہے کہ وہ کھیلوں کے لئے ہرقسم کی سکیورٹی فراہم کرسکتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ شہبازشریف نے جس طرح ہاکی کے کھیل کی سرپرستی کی ہے اس طرح کسی اور صوبے کے وزیراعلیٰ نے نہیں کی۔ جس پر ہم ان کے شکرگزار ہیں۔ پاکستان کی ہاکی ٹیم دنیا میں 9ویں سے پانچویں نمبر پر آگئی ہے اور ایشیاءکی نمبر ون ٹیم بن گئی ہے۔ ہاکی ٹیم آئندہ بھی قوم کی توقعات پر پورا اترے گی۔ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی رانا مشہود احمد خان نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی کاوشوں سے ہاکی کا کھیل دوبارہ بحال ہوا ہے اور ہاکی کے کھلاڑیوں کی پولیس میں بھرتی کا فیصلہ مستحسن اقدام ہے جس سے اس کھیل کو مزید فروغ ملے گا۔ قومی ہاکی ٹیم کے کپتان ایم عمران نے کہاکہ شہبازشریف نے قومی ہاکی ٹیم کو جس عزت سے نوازا ہے اس پر ہم ان کے تہ دل سے شکرگزار ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہماری کوشش ہوگی کہ ہم پاکستان کو ہاکی کے میدان میں اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں۔
پاکستان ہاکی ٹیم نے ایک کارنامہ انجا دے دیا ہے اگر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جاتی رہی تو وہ دن دور نہیں جبکہ قومی کھیل میں تمام اعزازت واپس پاکستان کو مل جائیں گے۔ وفاقی حکومت کے ساتھ ساتھ دیگر صوبائی حکومتوں کو بھی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ورلڈ ریکارڈ ہولڈر اولمپیئن سہیل عباس کا نام صدارتی ایوارڈ پرائڈ آف پرفارمنس کے لیے حکومت پاکستان کو بھجوایا دیا ہے۔ سہیل عباس نے 18 سال تک پاکستان ہاکی ٹیم کی نمائندگی جس میں انہوں نے 348 گول سکور کر کے عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ سہیل عباس کو ایک سال میں سب سے زیادہ 80 گول کرنے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔ پنلٹی کارنر سپیشلسٹ سہیل عباس کئی انٹرنیشنل ٹورنامنٹس میں ٹاپ گول سکورر بھی رہ چکے ہیں انہوں نے 33 ویں چیمپئنز ٹرافی اور لندن اولمپک 2012ءمیں پاکستان ہاکی ٹیم کی قیادت کے بھی فرائض سر انجام دے رکھے ہیں جبکہ سڈنی اولمپک میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑیوں میں دوسرے اور ایتھنز اولمپک میں ٹاپ گول سکور رہ چکے ہیں۔ 2010ءمیں ایشین گیمز میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے قومی ٹیم کا بھی حصہ رہ چکے ہیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے سہیل عباس کی پاکستان ہاکی کے لیے خدمات پر حکومت پاکستان کو صدارتی ایواراڈ برائے پرائیڈ آف پرفارمنس کی نامزدگی بھجوا دی ہے۔ سہیل عباس پاکستان ہاکی کا ایک نامور ستارہ ہیں پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے انکی نامزدگی خوش آئند ہے۔