دُبئی میں تحریک انصاف کی پریس کانفرنس

 پاکستان تحریک انصاف صوبہ خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے صدورنے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو ملک بھر میں اس قدر مقبولیت مل چکی ہے کہ عوامی سپورٹ کی بدولت آئندہ متوقع عام انتخاب میں ان کو کسی کے ساتھ اتحاد کی ضرورت نہیں رہے گی کیونکہ ہماری پارٹی سنگل گورنمنٹ کی پوزیشن میں آچکی ہے ‘ملک کے خراب حالات اور عوام کا سابق حکمرانوں کی نااہلی کا غصہ اور ان سے نفرت ان کو تحریک انصاف کے قریب لے آیا ہے اور انشاءاللہ ان کی امیدوں پرہم ضرور پورا اتریں گے۔ ان خیا لات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی متحدہ عرب امارات ٹیم کے زیر اہتمام منعقدہ دبئی کے ایک ریسٹورنٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا اس موقع پر پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے صدر اسد قیصر‘پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے صدر مصدق خان ‘سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے ممبر علی زیدی ‘چوہدری امجد اقبال امجد‘ملک یاسر امتیاز اعوان ‘میاں اویس ‘رئیس صبراورخیال زمان اورکزئی سمیت پارٹی کے ورکز بھی موجود تھے۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ کسی سیاسی جماعت نے خیبر پختونخوا کی اس قدر سپورٹ نہیں کی ہوگی اور نہ ہی یہاں کے مسائل پر آواز اٹھائی ہوگی جتنی پی ٹی آئی نے کوششیں کیں ہیں ‘ڈورن حملوں اور تخریب کاری کی مذمت کی ہے ۔عوام کے دلوں کی آواز ہم آگے پہنچا رہے ہیں اورہماری پارٹی کا گراف روز بروز بلند ہورہا ہے ‘انتخابات میں اتحادکے حوالے سے بیان قبل از وقت ہوگا تاہم اس کا فیصلہ پارٹی ہائی کمان ہی کرے گی لیکن ایک بات واضح ہے کہ جس طرح ہماری پوزیشن مستحکم جارہی ہے اتحاد کی ضرور ت پیش نہیں آئے گی۔مصدق خان نے کہا کہ نیا سسٹم متعارف کرارہے ہیں جس سے گراس روٹ لیول سے عوام پارٹی کا حصہ ہونگے اور ہر پاکستانی کو حق حاصل ہے کہ وہ اس جماعت میں شمولیت اختیار کریں کسی کو شمولیت سے روک نہیں سکتے جمہوری لوگ ہیں تما م جمہوری تقاضوں کے مطابق کام کررہے ہیں‘الطاف حسین کے خلاف سکاٹ لینڈ یارڈ کو تمام ثبوت فراہم کیے مگر ہماری حکومت نہیں چاہتی کہ معاملہ آگے بڑھے ہم حکومت میں آئیں گے تو تمام کلوز کیس اوپن کرینگے۔علی زیدی نے کہا کہ پارٹی خو د احتسابی عمل پر یقین رکھتی ہے اور یہ جمہوری جماعت کی نشانی ہے ‘سندھ میں کسی بھی سیاسی پارٹی کے ساتھ ٹکر کی صلاحیت رکھتے ہیں پہلے بھی الیکشن لڑا ہے اور آئندہ بھی ہمت ہے ۔اللہ کے حکم کے مطابق رشوت لینے اور دینے والے جہنمی ہیں اورمولانا فضل الرحمان سمیت رشوت لے کر حکومت کے غلط کاموں کا ساتھ دینے والے سیاست دان بھی صف اول میں ہیں ۔ہماری سیاسی تاریخ میں ثابت کیا جائے کہ تحریک انصاف کے سونامی کی طرح کسی سیاسی جماعت کے جلسے اس قدر کامیاب ہوئے ہوں‘خود پرویز مشرف اپنی تما م تر سرکاری مشینری کے ساتھ چند ہزار افراد کو اکٹھا نہ کرسکے تھے۔پریس کانفرنس کے آغا ز سے قبل پی ٹی آئی متحدہ عرب امارات کے رہنماءچوہدری امجدا قبال امجد نے اپنی سیاسی شاعری کی بدولت حاضرین سے بھر پور داد حاصل کی اور اپنی شاعری میں ملکی حالات اور امید کی کرن عمران خان کے کردار اور اسکی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔اس موقع پر پی ٹی آئی یواے ای کے بانی کارکن یاسر امتیاز اعوان نے امارات میں ممبر سازی کے حوالے سے صحافیوں کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔
 

ای پیپر دی نیشن