جیت کا عزم لئے قومی کرکٹ ٹیم آج بھارت روانہ ہو گی

Dec 22, 2012


لاہور ( سپورٹس رپورٹر )قومی کرکٹ ٹیم جیت کا عزم لیے آج بھارت روانہ ہوگی ۔ کھلاڑی بھارت میں کمرشل فلائٹس کے بجائے خصوصی طیاروں کے ذریعے سفرکریں گے۔ سیریز کے دوران دونوں ٹیمیں چارٹرڈٹ فلائٹ پر سفر کریں گی۔ پاکستان کی 15رکنی ٹیم کے ساتھ11آفیشلز بھارت جائیں گے۔ منیجر نوید اکرم چیمہ کو دورے میں میڈیا منیجر کی اضافی ذمے داریاں بھی سونپی گئی ہیں۔ پی سی بی کے جنرل منیجر میڈیا بھارت جائیں گے لیکن وہ ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ قومی ٹیم آج قومی ایئر لائنز کی پرواز سے دو بج کر دس منٹ پر نئی دہلی روانہ ہوگی۔کھلاڑی ایئرپورٹ سے باہرنہیں آئیں گے۔ ایمیگریشن مرحلے سے گزرنے کے بعد دو گھنٹے بعد پاکستانی کرکٹرز کو چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے بنگلور جانا ہے۔ شاہد اسلم اسسٹنٹ منیجر ہوں گے۔ واٹ مور ہیڈ کوچ جولین فونٹین فیلڈنگ کوچ، محمد اکرم بولنگ کوچ ہوں گے۔ ماہرنفسیات مقبول بابری بھی سفر کرینگے۔
 کرنل (ر) وسیم احمد کو سیکورٹی اور ویجیلنس کی ذمے داری سونپی گئی ہے۔ ڈاکٹر فیصل حیات فزیو تھراپسٹ، صبور احمد ٹرینر کے علاوہ اختر مساجر اور ایک ویڈیو انالسٹ ہوں گے۔
 ذرائع کے مطابق بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ نے بھارت کے ایک شہر سے دوسرے شہر کے لیے دونوں ٹیموں کو کمرشل فلائٹ پرسفرکرانے سے گریزکیا ہے۔ دونوں ٹیمیں تمام سیکٹرز پر خصوصی طیاروں پر سفر کریں گے۔ 7جنوری کو قومی ٹیم نئی دہلی سے لاہور آئے گی۔ قومی ایئر لائنز نے کرکٹ سیریز کی وجہ سے اس روٹ پر بڑا جہاز چلایا ہے۔ جو براستہ لاہورکراچی آئے گا۔ عام طور پر نئی دہلی سے کراچی کی نان سٹاپ فلائٹ ہوتی ہے۔

مزیدخبریں