لاہور)کامرس رپورٹر)صوبائی وزیرآ بپاشی میاں محمد یاور زمان نے کہا ہے کہ سپیشل بچوں کو معاشرہ کا کار آمد شہر ی بنانے اور انہیں احساسِ محرومی سے نکال کر خود اعتمادی کی دولت سے مالا مال کرنے کیلئے ہمیں مل جل کر کاوشیں کرنا ہیں تاکہ یہ بچے ملک و قوم پر بوجھ کی بجائے وطنِ عزیز کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار اداکرنے کے قابل ہو سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے سپیشل بچوں کے عالمی دن کے تناظر میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ اوکاڑہ آرٹس کونسل میں ہونیوالی اس تقریبِ حوصلہ افزائی میں ڈی سی او اوکاڑہ سردار سیف اللہ ڈوگر، ڈی پی او اوکاڑہ بابر بخت قریشی ، ای ڈی او سی ڈی ڈاکٹر شعیب طارق وڑائچ،چیئرمین مارکیٹ کمیٹی ملک اللہ دتہ کھوکھر،پرنسپل گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سنٹر نصرت جبیں سمیت عمائدین ِ شہر،سپیشل بچوں اور ان کے والدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ میاں محمد یاور زمان نے کہا کہ پنجاب حکومت ہمہ جہت ترقی اور عوامی خوشحالی کے لئے مو¿ثر لائحہ عمل اختیار کئے ہوئے ہے اورسپیشل بچوں کو خصوصی ایجوکیشن سنٹرز میں بہترین تعلیم و تربیت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے بھی وسائل فراہم کئے جارہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ سپیشل بچوں کی بحالی حکومت ،اساتذہ اور والدین کی مشترکہ کاوشوں سے ممکن ہے اور ہمیں ان کو اس طرح کاماحول فراہم کرنا ہے کہ وہ احسن انداز میں اپنی تعلیم مکمل کریں اور اپنی زندگی عزت اور وقار کے ساتھ گزارنے کے قابل ہوسکیں۔