اسلام آباد (عترت جعفری) آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ شرائط پر عملدرآمد کا دوسرا مرحلہ دسمبر کے اختتام اور جنوری میں مکمل کیا جائیگا جب ٹیکس نظام کے اندر موجود بیشتر اسثنیات ختم کر دی جائیں گی اور گیس کے نرخوں پر طے شدہ شرائط کی روشنی میں اضافہ کیا جائیگا۔ ایف بی آر نے ٹیکس نظام میں موجود اسثنیات کا جائزہ کم و بیش مکمل کرلیا ہے۔ ایف بی آر کے ترجمان شاہد حسن اسد نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایگزامشنز کے جائزہ کی رپورٹ دسمبر کے اختتام تک مکمل کر لی جائیگی اور حکومت نے اس بارے میں حتمی فیصلہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ایگزامشنز بیک جنبش قلم ختم نہیں کی جا سکتی ہیں جبکہ اس کیلئے 3 سال کا عرصہ مقرر کیا گیا ہے اور مختلف مراحل میں ختم کی جائیں گی جبکہ پہلے مرحلہ میں ختم کی جانیوالی ایگزامشنز کا فیصلہ خود حکومت کریگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جن ایگزامشنز کو ختم کرنے کا فیصلہ کرے، انہیں ایک حکم کے ذریعے ختم کیا جا سکتا ہے تاہم اگر حکومت چاہے کہ بجٹ میں فنانس بل کے ذریعے ایگزامشنز کو واپس لینا ہے تو بھی حکومت کا اپنا فیصلہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ گوشواروں کی تعداد باعث اطمینان ہے اور 31 دسمبر تک مزید ایک لاکھ گوشوارے مزید آسکتے ہیں۔ کمپنیوں کے گوشوارے اس کے علاوہ ہوں گے۔ جن کی آخری تاریخ 31 دسمبر ہے جبکہ ہم ٹیکس نیٹ میں لوگوں کو لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے پیکج سے ریونیو بڑھنے کا امکان ہے اور ریونیو کا سالانہ ہدف حاصل کرلیا جائے گا۔
آئی ایم ایف / شرائط
آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل کا دوسرا مرحلہ شروع‘ متعدد ایگزامشنز ختم ہوں گی
آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل کا دوسرا مرحلہ شروع‘ متعدد ایگزامشنز ختم ہوں گی
Dec 22, 2013