پیرس: سانحہ پشاور کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں، ایک منٹ خاموشی

پیرس (صاحبزادہ عتیق سے) سانحہ پشاور کے شہیدوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پیرس کے نواحی علاقے ویلنیو سینٹ جارج کی میونسپل کمیٹی کے زیراہتمام مقامی کونسل ہال میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ میئر مادام سلوی التمان نے اپنے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سانحے پر ان کا دل بوجھل اور افسردہ ہے۔ ان دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کے خلاف پوری دنیا کو پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا چاہیے۔ غالب اقبال نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ایک نکتہ پر متفق ہو کر ان درندوں اور دہشت گردوں سے نجات حاصل کی جائے جوکہ انسانیت کے نام پر دھبہ ہیں جنہوں نے بچوں کو شہید کیا اور سکول میں خون کے دریا بہائے آپ لوگوں کو چاہیے کہ اٹھ کھڑے ہوں اور ان دہشت گردوں کو بتا دیں کہ قوم ان سے ڈرنے والی نہیں ہے اور اکٹھے ہو کر ان تمام سکولوں کی تعمیر میں حصہ لیں جو دہشت گردوں نے تباہ کیے ہیں۔ ہم پاکستان کو ایک بار پھر اصلی پاکستان بنائیں گے جوکہ علامہ اقبال اور قائد اعظم نے بنایا تھا۔ حاضرین نے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی۔ سفیر پاکستان اور شرکاء نے کونسل کی طرف سے رکھی گئی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کیے۔ آرگنائزر کونسلر مبشر کھوکھر نے کہا کہ ہمارے شہر کی کونسل نے فرانسیسی اور پاکستانی کمیونٹی کو اکٹھا کر کے پشاور سانحہ کے متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے۔ سکھ کمیونٹی کے نمائندوں نے بھی شر کت کی اور سانحہ پشاور کے متاثرین اور پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ حاضرین نے کونسل کے باہر پھول رکھے اور شمعیں روشن کیں۔

ای پیپر دی نیشن