وانا : چیک پوسٹ پر حملہ‘ جوابی کارروائی میں 25 دہشت گرد ہلاک‘ ملک بھر میں سیکورٹی الرٹ سرچ آپریشن جاری‘ گرفتاریاں

وانا، پشاور، اسلام آباد (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) افغان سرحد کے قریب دہشت گردوں نے باغدالئی چیک پوسٹ پر حملہ کر کے تین اہلکار زخمی کر دیئے، جوابی کارروائی میں 25 شدت پسند ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ عسکری ذرائع کے مطابق صبح تین بجے کے قریب شمالی اور جنوبی وزیرستان کے سنگم پر واقع علاقہ شوال میں دوسو دہشت گردوں نے 30 بلوچ رجمنٹ کے باغدالئی نامی چیک پوسٹ پر بھاری اور ہلکے ہتھیاروں سے حملہ کر کے تین فوجی جوانوں کو زخمی کر دیا۔ مارے جانے والوں میں سے چار دہشت گردوں کی لاشیں پاک فوج نے اپنی تحویل میں لے لی ہیں جن میں تین دہشت گردوں کا تعلق ازبک سے ہے، ایک مقامی ہے۔ عسکری ذرائع کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا۔ دریں اثناء پشاور میں سیکیورٹی اداروں کی کارروائیاں جاری ہیں۔ اتوار کو پولیس نے آرمی پبلک سکول کے اردگرد واقع بہاری کالونی اور آبشار کالونی میں مشترکہ آپریشن کرکے درجنوں افراد کو گرفتار کر لیا۔ آپریشن میں حصہ لینے والے ایلیٹ فورس کے جوان اور بارود سونگھنے والے مخصوص کتوں کی مدد سے گھروں کو باقاعدہ چیک کیا گیا۔ علاقہ مکینوں نے خوف کے باعث گھروں کی دیواریں بھی اونچی کرنا شروع کر دی ہیں جبکہ سکول کی متاثرہ عمارت کی تعمیر نو کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں شبقدر کے علاقے میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں زخمی ہونیوالا فرنٹیئر کور کا اہلکار زخموںکی تاب نہ لاکر شہید ہو گیا۔ مچنی پل کے علاقے میں دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے میں فرنٹیئر کور کا اہلکار دل فراز خان زخمی ہو گیا تھا۔ ممکنہ دہشتگردی کے خطرے کے پیش نظر لاہور سمیت ملک بھر کے ہوائی اڈوں اور ائر بیسز پر سکیورٹی کو ہائی الرٹ کردیا گیا، ائرپورٹ سکیورٹی فورس کے اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں۔ دہشتگردوں کےخلاف آپریشن کا دائرہ وسیع کرنے اور دہشتگردوں کو تختہ دار پر لٹکائے جانے کے بعد متوقع ردعمل سے بچنے کے لئے لاہور سمیت ملک بھر کے ہوائی اڈوں اور ائر بیسزکی سکیورٹی کے لئے ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا۔ اس تناظر میں ائرپورٹس کی طرف جانے والے راستوں پر سخت چیکنگ کا سلسلہ دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے جبکہ ائرپورٹس کی حدودمیں بھی سکیورٹی اہلکاروں کی تعداد کو بڑھا کر چوکنا رہنے کے احکامات دئیے گئے ہیں۔ اے ایس ایف ترجمان کے مطابق سکیورٹی خدشات کے باعث ائرپورٹس میں داخلے کے لئے جاری کئے جانے والے خصوصی پاسز بھی تاحکم ثانی معطل کر دیئے گئے ہیں۔ سرگودھا سے نامہ نگار کے مطابق سرگودھا ریجن کی تینوں جیلوں، مصحف علی میر ائربیس، ایم ایم عالم ائربیس، فوجی چھاﺅنیوں کے ساتھ ساتھ چشمہ بیراج، اٹامک انرجی سمیت دیگر حساس مقامات پر سکیورٹی بڑھا دی گئی جبکہ پنجاب کانسٹیبلری کے 7 ریزو دستوں نے بھی سرگودھا پہنچ کر اپنی ڈیوٹیاں انجام دینا شروع کر دی ہیں۔ مردان میں پولیس موبائل پر دستی بم حملے میں سب انسپکٹر سمیت 3 اہلکار زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں ایک اہلکار کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ پارہوتی کی موبائل معمول کی گشت پر تھی کہ نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے اس پر ہینڈ گرنیڈ پھینکا۔ جس کے نتیجے میں سب انسپکٹر سمیت تین اہلکار زخمی ہو گئے۔اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز پولیس نے سرچ آپریشن کرکے مزید 130مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ کمالیہ سے نامہ نگار کے مطابق سانحہ پشاور کے سلسلہ میں حساس اداروں نے چھاپہ مارکر ایک شخص ارشد کو گرفتار کرلیا۔ ارشد کا بہنوئی سمندری کا رہائشی اشفاق حساس اداروں کو فرقہ واریت کے حوالے سے مطلوب ہے جو پاکستان سے فرار ہوکر افغانستان میں رہ رہا ہے۔ ملزم ارشد نے اپنے بہنوئی اشفاق سے موبائل فون پر رابطہ کیا تھا۔ ملزم سے موبائل فون بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔ دریں اثنا وسطی کرم ایجنسی میں گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے قبائلی رہنما ملک فقیر جان جاں بحق ہوگئے۔ علاوہ ازیں خیبر پی کے حکومت نے امن و امان کے قیام کیلئے 5 رکنی تکنیکی کمیٹی تشکیل دیدی۔
 
دہشت گرد ہلاک

ای پیپر دی نیشن