لاہور (خصوصی رپورٹر/ مبشر حسن/ نیشن رپورٹ) سابق وزیراعظم، پیپلز پارٹی کی شہید چیئرپرسن محترمہ بینظیر بھٹو کی ساتویں برسی 27 دسمبر کو عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔ اس دن کی مناسبت سے آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں میں قرآن خوانی اور اجتماعی فاتحہ خوانی کے علاوہ سیمینار اور دیگر تعزیتی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جن میں مقررین محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی جمہوریت کےلئے قربانیوں پر روشنی ڈالیں گے۔ بینظیر بھٹو کی ساتویںبرسی کا آغاز مساجد مےں قرآن خوانی سے ہو گا، سب سے بڑا اجتماع گڑھی خدا بخش سندھ میں ہوگا۔ بے نظیر بھٹو کی گڑھی خدا بخش میں ہونے والی برسی کی تقریب میں ان کے صاحبزادے بلاول بھٹو بھی شرکت کرینگے۔ یہ بات پارٹی کے ذمہ دار ذرائع نے بتائی ہے۔ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے درمیان اختلافات کی خبریں منظر عام پر آنے کے بعد پارٹی کے بعض ذرائع کا کہنا تھا کہ بلاول شہید بے نظیر بھٹو کی برسی کی تقریب میں بھی واپس نہیں آئیں گے تاہم پیپلز پارٹی پنجاب کے ایک ذمہ دار عہدیدار نے ”نوائے وقت“ سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ بلاول گڑھی خدا بخش کی تقریب میں شریک ہونگے۔ تقاریب میں میں بے نظیر بھٹو کی شہادت اور سانحہ پشاور کے شہداءسے اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔ دوسری طرف ذرائع کے مطابق 27 دسمبر کو راولپنڈی کے لیاقت باغ کی ریلی میں بلاول کی شرکت کا امکان انتہائی کم ہے۔ ذرائع کے مطابق بلاول کی سکیورٹی ٹیم نے سانحہ پشاور کے بعد ملک بھر میں سکیورٹی خطرات کے پیش نظر انہیں ریلی کی قیادت سے روک دیا ہے۔ یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جیلوں میں اپنے ساتھیوں کی پھانسی پر دہشت گرد مزید حملے کر سکتے ہیں۔ پارٹی ذرائع نے ”دی نیشن“ کو بتایا کہ بلاول نے لیاقت باغ کی ریلی میں شرکت کا حتمی فیصلہ ابھی کرنا ہے۔ آصف زرداری کے گزشتہ روز لاہور کے دورہ کے دوران فیصلہ کیا گیا تھا کہ اس مرتبہ 27 دسمبر کو دو علیحدہ تقریبات منعقد کی جائینگی۔ میاں منظور وٹو آج ایک پریس کانفرنس میں بے نظیر بھٹو کی برسی کے حوالے سے تقریبات کی تفصیلات سے آگاہ کرینگے۔
بلاول/ شرکت
بے نظیر
27 دسمبر: بینظیر بھٹو کی ساتویں برسی، بلاول کی پنڈی ریلی میں شرکت کا امکان کم
Dec 22, 2014