لاہور (سٹاف رپورٹر) گلشن راوی میں 5لاکھ روپے ادھار واپس مانگنے پر پراپرٹی ڈیلر کو اسکے دوست کے بیٹے سمیت گولیاں مارکر قتل کر دیا کیا۔ بتایا گیا ہے کہ گلشن راوی پارک کے پراپرٹی ڈیلر انور نے عمران کو 5لاکھ روپے ادھار دئیے اور عمران واپسی میں ٹال مٹول کرتا رہا جس پر انور اور عمران میں کچھ روز پہلے جھگڑا بھی ہوا تاہم اہل علاقہ نے صلح کروا دی اور عمران نے گزشتہ روز پیسے دینے کا وعدہ کیا انور ادھار پیسے واپس لینے اپنے دوست ظفر کے 16سالہ بیٹے حسام کو موٹر سائیکل پر لیکر عمران کے گھر پہنچا تاہم انور اور عمران میں دوبارہ جھگڑا ہو گیا جس پر عمران اور اسکے ساتھیوں نے اندھادھند فائرنگ کر دی جس سے 47سالہ انور اور 16سالہ حسام جاں بحق ہو گئے، فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس نے نعشوں کو ہسپتال منتقل کیا۔ بتایا گیا ہے مقتول انور 4بچوں کا باپ تھا اسکے قتل کی خبر ملتے ہی گھر میں کہرام برپا ہو گیا۔ مقتول کی بیوی اور والدہ غم سے نڈھال ہو گئیں۔ پولیس نے مقتول کے بھائی طاہر کی مدعیت میں عمران بٹ اسکے ساتھیوں پر مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔
پراپرٹی ڈیلر قتل