مہمند ایجنسی/ کوئٹہ/ پشاور (بی بی سی/ بیورو رپورٹ/ آئی این پی) قبائلی علاقے مہمند ایجنسی میں حکام کا کہنا ہے سکیورٹی فورسز پر ہونے والے دو الگ الگ بم حملوں میں ایک سکیورٹی اہلکار سمیت کم سے کم دو افراد شہید اور تین زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں میں سکیورٹی فورسز کے ایک لیفٹیننٹ کرنل بھی شامل ہیں۔ پولیٹیکل انتظامیہ مہمند ایجنسی کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا یہ واقعات پیر کی صبح تحصیل بیزئی کے پاک افغان سرحدی علاقے آتم کلی میں پیش آئے۔ انہوں نے کہا سکیورٹی فورسز کی گاڑیوں پر سڑک کے کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بموں سے حملہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا دونوں دھماکے وقفے وقفے سے پیش آئے۔ خیال رہے یہ دھماکے ایسے وقت ہوئے ہیں جب خیبر پی کے کے گورنر سردار مہتاب احمد خان مہمند ایجنسی کا دورہ کر رہے ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے دھماکوں اور گورنر کی آمد کی وجہ سے علاقے کی تمام سڑکیں ٹریفک کےلئے بند کر دی گئی ہیں جس سے عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کوئٹہ سے بیورو رپورٹ کے مطابق دالبندین میں پاک افغان بارڈر کے قریب سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا، فورسز نے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود قبضے میں لے لیا۔ سکیورٹی فورسز کے ذرائع نے بتایا پیر کو سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر دالبندین میں چھاپہ مارا تو دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی، دہشت گردوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ 3گھنٹے تک جاری رہا۔ سکیورٹی فورسز نے نعش اور بھاری تعداد میں راکٹ لانچر، ہینڈ گرنیڈ، کلاشنکوف، بارودی مواد اوردیگراسلحہ قبضے میں لے لیا جو دہشت گرد اندرون بلوچستان دہشت گردی میں استعمال کیلئے اسمگل کرنا چاہتے تھے، ہلاک ہونے والے دہشت گرد کی شناخت نہیں ہوسکی۔ پشاور سے آئی این پی کے مطابق پشاورکے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز کے دوران ایک سو پچاس افراد کو حراست میں لیا گیا۔ سرچ آپریشنز میں سکیورٹی فورسز نے بھی حصہ لیا۔ پولیس کے مطابق مشترکہ سرچ آپریشن تھانہ آغا میرجانی، فقیرآباد اور پہاڑی پورہ کی حدود میں کئے گئے جس دوران 14 افغان باشندوں سمیت 150 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ 73 افراد کو کرایہ داروں کے کوائف جمع نہ کرانے پر گرفتارکیاگیا۔ آپریشن کے دوران 11 پستول، 2 ایس ایم جیز اور سینکڑوں کارتوس بھی برآمد ہوئے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ایف سی نے ضلع چاغی کے علاقے دالبندین میں کارروائی میں 14 دہشت گرد گرفتار کر لئے، ترجمان کے مطابق گرفتار دہشت گرد سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث ہیں۔
مہمند ایجنسی میں دو بم حملے‘ اہلکار سمیت دو افراد شہید‘ لیفٹینٹ کرنل زخمی‘ دالبندین : فائرنگ کا تبادلہ دہشت گرد مارا گیا اسلحہ برآمد
Dec 22, 2015