اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ کراچی میں رینجرز کے اختیارات کا فیصلہ آج کر لیا جائے گا۔ رینجرز کو اختیارات دینے سے متعلق وزارت قانون سے رائے نہیں لی گئی۔ رینجرز کو اختیارات دینے کا معاملہ قانون کے مطابق حل کیا جائے گا۔ قبل ازیں ذرائع کا کہنا تھا کہ وفاقی وزارت داخلہ نے سندھ حکومت کی رینجرز کو اختیارات کی سمری پر قانونی رائے طلب کر لی۔ علاوہ ازیں ڈی جی سندھ رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے کہا ہے کہ کراچی میں جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائی جاری رکھی جائیگی، آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ وہ گزشتہ روز نعیم میر کی قیادت میں جانے والے آل کراچی تاجر اتحاد کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں کارروائیاں جاری رکھ کر جرائم پیشہ عناصر کو منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا۔ ملاقات کے دوران کراچی میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، تاجروں نے رینجرز کے شہر میں جاری آپریشن کو سراہا۔
اسلام آباد (محمد نواز رضا/ سجاد ترین) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وفاق اور سندھ کے درمیان کراچی میں رینجرز کے اختیارات کا تنازعہ شدت اختیار کرگیا ہے۔ سندھ حکومت کی طرف سے کراچی میں رینجرز کے اختیارات سے متعلق سمری آج مسترد کئے جانے کا امکان ہے۔ وفاقی حکومت نے حکومت سندھ کی سمری پر قانونی رائے حاصل کرلی ہے جسے آئین و قانون سے متصادم قرار دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے کراچی میں رینجرز کے اختیارات کے حوالے سے پوزیشن لے لی ہے۔ سردست وفاقی حکومت نے ڈی جی رینجرز کو ہدایت کردی ہے کہ وہ دہشت گردی کے خاتمہ اور امن و امان کے قیام کے لئے پوری تندہی سے کام کریں۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے وزیراعظم محمد نوازشریف سے کراچی میں رینجرز کو اختیارات دینے کے تنازعہ پر مشاورت مکمل کرلی ہے۔ وفاقی وزارت داخلہ حکومت سندھ کی سمری کا جواب تیار کررہی ہے۔ وفاقی حکومت سندھ کے م¶قف کو مسترد کردے گی اور اسے یہ باور کرائے گی وہ آئین و قانون سے تجاوز کر رہی ہے۔ ایک ذمہ دار شخصیت کے مطابق اگر حکومت سندھ نے اپنے طرز عمل میں تبدیلی نہ کی تو وفاق رینجرز کو براہ راست ہدایات جاری کرسکتا ہے اگرحکومت سندھ نے کراچی میں رینجرز کی کارروائیوں کی مزاحمت کی تو کراچی سمیت مختلف شہروں میں آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت فوج تعینات کی جاسکتی ہے۔ حکومت سندھ کی طرف سے وفاق سے تعاون نہ کرنے کی صورت میں وفاق گورنر راج کے نفاذ کے آخری آپشن کو روبہ عمل لائے گی۔
رینجرز کے اختیارات کا فیصلہ آج کر لیا جائیگا : وزارت داخلہ‘ کراچی آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے : ڈی جی رینجرز سندھ
Dec 22, 2015