اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) وفاقی محتسب کمیٹی نے سفارش کی ہے قومی بچت میں بدانتظامی کا خاتمہ اور اسکی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے ضروری ہے کہ اسے خودمختار ادارہ بنا دیا جائے۔ وفاقی محتسب نے سنٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز میں بدانتظامیوں کے خاتمہ کیلئے سابق سیکرٹری فنانس عبدالواجد رانا کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی۔ کمیٹی کے ممبران میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے سابق سیکرٹری شاہد رشید، قومی بچت کے سابق ڈائریکٹر جنرل اویس پیرزادہ، سابق ایڈیشنل آڈیٹر جنرل پاکستان محمد ایوب ترین، وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کے سابق سیکرٹری ایس ایم طاہر اور وزارت خزانہ کے جائنٹ سیکرٹری و قوی بچت کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل وقار احمد کے نام شامل ہیں۔ کمیٹی نے قومی بچت کے تمام معاملات کا جائزہ لینے کے بعد ایک جامع رپورٹ وفاقی محتسب سلمان فاروقی کو پیش کی ہے جس میں سفارش کی گئی ہے سنٹرل ڈائریکٹریٹ آف نیشنل سیونگز (سی ڈی این ایس) کو بورڈ آف گورنرز کے زیر انتظام ایک خودمختار ادارہ بنا دیا جائے جو اس کا نظام چلائے۔کمیٹی نے یہ بھی سفارش کی ہے سی ڈی این ایس پورے ملک میں اے ٹی ایم کی سہولت بھی فراہم کرے اور اپنے نظام کو بہتر بنانے کیلئے جدید طریق کار اپنائے۔ نیز زیر التوا پڑے ہوئے کیسوں کو جلد از جلد نمٹانے اور بقایا جات کی وصولی کیلئے بورڈ آف گورنر کو جوابدہ نظام تشکیل دیا جائے۔ کمیٹی نے یہ بھی سفارش کی شکایات کو نمٹانے اورڈائریکٹوریٹ کے ملازمین کی کارکردگی جانچنے کیلئے بھی نظام وضع کیا جائے تاکہ شکایات کی تعداد کم کی جا سکے۔
قومی بچت میں بدانتظامی کے خاتمہ کیلئے اسے خودمختار ادارہ بنا دیا جائے: وفاقی محتسب کمیٹی
Dec 22, 2015