اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم نواز شریف نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کو ہدایت کی ہے کہ وہ ملک میں اعلیٰ معیار کے شاہراتی ڈھانچے کی تعمیر کو یقینی بنائیں تاکہ سفر کو محفوظ اور مسافت کو کم کیا جا سکے۔ انہوں نے یہ بات چیئرمین این ایچ اے شاہد اشرف تارڑ اور ڈائریکٹر جنرل ایف ڈبلیو او میجر جنرل محمد افضل سے گفتگو میں کہی۔ انہوں نے وزیراعظم کو ملک میں جاری اور آئندہ کے منصوبہ جات کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے این ایچ اے اور ایف ڈبلیو او کے کام کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ کام کی رفتار اور معیار ایک ساتھ چلنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں منصوبہ جات پر عملدرآمد کرتے ہوئے شفافیت کو یقینی بنانا چاہیے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ منصوبہ جات روزگار پیدا کرنے، اقتصادی ترقی اور صنعتی نمو میں معاون ہوں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم سے امریکہ میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی نے ملاقات کی اور پاکستان اور امریکہ کے درمیان دفاعی مشاورتی اجلاس کے نتائج کے بارے میں آگاہ کیا۔ ملاقات میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی اور سیکرٹری فواد حسن فواد بھی موجود تھے۔